منگلورو میں معمر جوڑے کے گھر پر ڈاکہ - قیمتی اشیاء کے علاوہ کار بھی لوٹی گئی
منگلورو، 9 / جولائی (ایس او نیوز) سٹی پولیس کمشنریٹ کے حدود میں ایک اور ڈکیتی کی واردات پیش آئی جس میں ایک معمر جوڑے کے گھر میں گھس کر لوٹ مار مچانے کے بعد لٹیرے باہر موجود کار بھی زبردستی اپنے ساتھ لے گئے ، جسے بعد میں مولکی سے بازیافت کیا گیا ۔
بتایا جاتا ہے کہ چار افراد پر مشتمل گینگ نے علی الصبح ساڑھے تین بجے کے قریب معمر جوڑے کے گھر پر دھاوا بولا ۔ اس جوڑے کے بچے بیرون ملک میں مقیم ہیں اور گھر میں صرف میاں بیوی رہتے ہیں ۔ لٹیروں نے ہتھیاروں کی زد پر گھر میں لوٹ مار مچائی اور قیمتی اشیاء پر ہاتھ صاف کرنے کے بعد عمر رسیدہ مرد پر حملہ کرکے اس سے کار کی چابیاں چھین لیں اور اسی کار میں اڈپی کی طرف فرار ہوگئے ۔ لوٹے گئے گھر سے تعلق رکھنے والے بعض ذرائع نے بتایا کہ ڈکیتی انجام دینے والی گینگ میں چار افراد تھے اور وہ سب ہندی اور کنڑا زبان بول رہے تھے ۔
پولیس نے لوٹی گئی کار کو ہیجماڈی ٹول پلازہ سے ذرا دور پارک کی گئی حالت میں بازیافت کر لیا ۔ سمجھا جاتا ہے کہ کیمرے کی زد میں آنے سے بچنے کے لئے لٹیروں نے کار کو ٹول گیٹ سے دوری پر چھوڑ دیا ہوگا ۔ کار کے اندر ایک موبائل فون پڑا ہوا ملا ہے ۔ پولیس کا خیال ہے کہ یہ لٹیروں میں سے کسی ایک کا ہو سکتاہے اور شائد بھاگنے کی عجلت میں لٹیروں کے پاس سے وہاں گرا ہوگا ۔
اُوروا پولیس نے ڈکیتی کی زد میں آنے والے گھر پہنچ معائنہ کیا اور معاملہ درج کرتے ہوئے تفتیش کا آغاز شروع کر دی ہے ۔ گھر سے چرائی گئی کار مولکی سے بازیافت ہونے کے بعد اسے بھی تفتیشی نقطہ نگاہ سے اپنے قبضے میں لیا ہے ۔ جائے واردات کے اطراف سے سی سی ٹی وی کیمروں کا فوٹیج حاصل کیا جا رہا ہے ۔ گھر سے لوٹی گئی اشیاء کی کُل مالیت کا ابھی اندازہ نہیں لگایا گیا ہے ۔