حکومت بینگلورو کی ترقی کو زیادہ اہمیت دے: سابق وزیر اعلیٰ ایس ایم کرشنا
بینگلورو، 31/جولائی (ایس او نیوز/ایجنسی) سابق وزیر اعلیٰ ایس ایم کرشنا نے صلاح دی کہ نئی ریاستی حکومت بینگلورو کی ترقی کو زیادہ اہمیت دے۔ بینگلورو مینجمنٹ اسوسی ایشن (بی ایم اے) کی جانب سے منعقد 66 ویں سالانہ ایوارڈ تقسیم پروگرام میں ”لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ“ وصول کرتے ہوئے ایس ایم کرشنا نے یہ صلاح دی۔
انہو ں نے کہا کہ نئی کانگریس حکومت میں ڈی کے شیوکمار کو بنگلور سٹی کا نگراں کار بنایا گیا ہے، انہیں چاہئے کہ شہر کی ترقی پر توجہ دیں۔ انہو ں نے کہا کہ امریکہ کے سابق صدر باراک اوبامہ نے بھی بینگلورو کی آئی ٹی، بی ٹی شعبہ میں ترقی کو سراہا تھا اور چونکہ ملک میں ٹیکس کی ادائیگی میں بینگلورو کامقام زیادہ ہے،اس لئے اس بڑے شہر میں بنیادی سہولتوں کی جانب توجہ دی جائے۔
وزیر اعلیٰ کے طورپر اپنے دور کو یاد کرتے ہوئے ایس ایم کرشنا نے کہا کہ انفرمیشن ٹکنالوجی کے سلسلہ میں آندھرا پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ چندرا بابو نائیڈو اور ان کے درمیان مقابلہ ہوتا تھا۔