کمٹہ 29 / مارچ (ایس او نیوز) کمٹہ تعلقہ میں تقریباً 18 کروڑ روپے کی لاگت سے بن رہا ہیگڈ ے - مرجان پُل کا سلیب گرنے کے بعد مقامی افراد کمپنی کے خلاف کڑی اور شفاف جانچ کا مطالبہ کر رہے ہیں ۔
خیال رہے کہ ابتدائی تخمینہ کے مطابق پُل کا سلیب گرنے اور اس کے نیچے کرین اور ہیٹاچی مشین دبنے کی وجہ سے 3.25 کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے ۔
عوام کا کہنا ہے کہ ٹھیکے دار کمپنی سینٹ ڈی کوسٹا نے جس تیزی سے اس پل کی تعمیر کا کام آگے بڑھایا تھا اس کی وجہ سے اس کے طریقہ کار پر شکوک و شبہات پیدا ہو رہے ہیں ۔ اس میں سب سے بڑا شک یہی ہے کہ کمپنی پُل تعمیر کرنے کے لئے کانکریٹ میں سمندری کھارے پانی کی ریت استعمال کررہی ہے، جبکہ یہاں میٹھے پانی کی ریت استعمال ہونا ضروری ہے ۔ اور میٹھے پانی کی ریت نکالنے پر پابندی رہنے کی وجہ سے بڑی مقدار میں یہ ریت مل نہیں سکتی جس کی وجہ سے اتنی تیز رفتاری کےساتھ پُل کی تعمیر کا کام آگے بڑھانا ممکن نہیں تھا ۔
عوام کا کہنا ہے کہ کھارے پانی کی ریت ہی سلیب کانکریٹ کو کمزور کرنے کا بڑا سبب رہی ہوگی ۔ اس کے علاوہ اس منصوبے پر تکنیکی اعتبار سے جو لازمی امور اختیار کیے جانےچاہیے تھے، جیسے استعمال کیے گئے لوہے کی کوالٹی اور معیار کے علاوہ دیگر سامان جو استعمال ہوا اور جس انداز میں تعمیری کام کیا گیا ان سب کی باریک بینی سے جانچ ہونی چاہیے ۔
معلوم ہوا ہے کہ کل جمعرات کے دن کوالٹی کنٹرول سپرنٹنڈنٹ انجینئر چندرا ہاس بنڈی، اے ای او پرشانت، برڈج ڈیزائنر، کنسلٹینسی انجینئر سمیت مختلف شعبہ جات کے ماہرین نے حادثے کے مقام پر پہنچ کر معائنہ کیا ۔ تین دن کے بعد ان ماہرین کی رپورٹ موصول ہوگی اور اس کا جائزہ لینے کے بعد اگلی کارروائی کی جائے گی ۔