کمٹہ ، 28 / مارچ (ایس او نیوز) اتر کنڑا کے کمٹہ تعلقہ کے مرجان تاریباگل میں ایک زیر تعمیر پُل کا ایک سلیب بیٹھ گیا جس کی وجہ سے وہاں موجود کرین اور موٹر بائک ملبے کے نیچے دب کر رہ گئے ۔
بتایا جاتا ہے کہ کمٹہ کے تاریباگل میں اگناشنی ندی پر کروڑوں روپوں کی لاگت سے بن رہے اس پُل کا ٹھیکہ کنداپور کی سینٹ انتھونی کنسٹرکشن کمپنی کے پاس ہے ۔ جب سے اس منصوبے کا تعمیراتی کام شروع ہوا ہے تب سے مقامی لوگ الزام لگاتے رہے ہیں کہ یہاں غیر معیاری کام ہو رہا ہے ۔ مگر ٹھیکیدار کمپنی یا متعلقہ افسران نے اس پر کوئی توجہ نہیں دی اور تعمیراتی کام جاری رکھا ۔
اب اس پُل کے ستونوں پر بٹھائے گَئے سلیب کا ایک بہت بڑا حصہ کھسک کر گر گیا جس کے نیچے کھڑی ہوئی کرین اور دوسری موٹر گاڑیاں دب گئیں ۔ خوش قسمتی سے اس حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔ اس طرح کے غیر معیاری تعمیراتی کام کے خلاف مقامی لوگوں نے سخت برہمی کا اظہار کیا تو مبینہ طور پر کمپنی والے مقامی لوگوں سے الجھ گئے ۔ کچھ وقت کے لئے مقامی افراد اور کمپنی والوں کے بیچ زبانی تکرار ہوتی رہی ۔ مقامی لوگوں نے دھمکی دی ہے کہ اگر پُل کی تمیر کا کام معیاری انداز میں نہیں کیا گیا تو اس کے خلاف احتجاجی مظاہرے کرنا ان کے لئے ضروری ہو جائے گا ۔