لوک سبھا انتخاب: دہلی کے وزیراعلیٰ کیجریوال کانگریس کے تینوں امیدواروں کے لیے مانگیں گے ووٹ
نئی دہلی، 15/مئی (ایس او نیوز /ایجنسی) دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر دیویندر یادو نےبتایا کہ دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال15 مئی کو دو روڈ شو کریں گے جس میں دہلی کی 7 میں سے 3 لوک سبھا سیٹوں پر کھڑے کانگریس امیدواروں کے لیے عوام سے ووٹ کی اپیل کریں گے۔ دیویندر یادو نے کہا کہ انڈیا اتحاد کی پارٹیوں میں ہوئے سمجھوتہ کے تحت کانگریس نے 3 لوک سبھا سیٹوں اور عآپ نے 4 لوک سبھا سیٹوں پر امیدوار کھڑے کیے ہیں۔ پوری دہلی میں ساتوں سیٹوں پر انڈیا اتحاد کے کارکنان متحد ہو کر عوام تک پہنچ رہے ہیں اور ساتوں امیدواروں کی حمایت میں تشہیری مہم چلا رہے ہیں۔ اس سے بی جے پی کو لے کر لوگوں میں پیدا غلط فہمی ختم ہو رہی ہے اور دہلی کی عوام انڈیا اتحاد کے امیدواروں کی حمایت میں کھڑی دکھائی دے رہی ہے۔
دیویندر یادو نے کہا کہ دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال بدھ، 15 مئی کو چاندنی چوک لوک سبھا سیٹ سے امیدوار جئے پرکاش اگروال، شمال مشرقی دہلی لوک سبھا سیٹ سے امیدوار کنہیا کمار اور شمال مغربی دہلی لوک سبھا سیٹ سے امیدوار ڈاکٹر ادت راج کی حمایت میں دو روڈ شو کریں گے۔ پہلا روڈ شو ماڈل ٹاؤن سے شروع ہوگا اور دوسرا روڈ شو جہانگیر پوری میں ہوگا۔ دہلی کانگریس صدر کا کہنا ہے کہ ’’ہمارے کارکنان میں زبردست جوش اور جیت کا جذبہ ہے۔ اب انڈیا اتحاد کے کارکنان اتحاد کا مظاہرہ کر بی جے پی امیدواروں کی شکست یقینی بنائیں گے۔‘‘
دیویندر یادو کا کہنا ہے کہ روڈ شو میں وزیر اعلیٰ کیجریوال کے ساتھ کانگریس امیدوار جئے پرکاش اگروال، ڈاکٹر ادت رج اور ڈاکٹر کنہیا کمار بھی موجود رہیں گے۔ روڈ شو میں کانگریس اور عآپ کے ہزاروں کارکنان کثیر تعداد میں شرکت کریں گے۔ اس روڈ شو سے دونوں ہی پارٹیوں کی تشہیری مہم کو رفتار حاصل ہوگی۔