کاروار : سوپر اسپیشالٹی ہاسپٹل کی جلد ہو سکتی ہے  شروعات - وزیر منکال وئیدیا نے ضروری سہولتیں فراہم کرنے کا دیا تیقن 

Source: S.O. News Service | Published on 8th June 2023, 7:09 PM | ساحلی خبریں |

کاروار،8 / جون (ایس او نیوز) کاروار میں محکمہ ماہی گیری کی جائزاتی میٹنگ کے دوران وزیر منکال وئیدیا نے ضلع کے لئے ضروری سوپر اسپیشالٹی ہاسپٹل کے تعلق سے اہم اشارے دئے جس کے بعد کانگریسی حکومت کے دوران ضلع شمالی کینرا میں دو سوپر اسپیشالٹی ہاسپٹلس قائم ہونے کے آثار نمایاں ہوگئے ہیں۔
    
ڈپٹی کمشنر دفتر کے ہال میں منعقدہ محکمہ ماہی گیری کی میٹنگ کے دوران کاروار کے ایم ایل اے ستیش سائل نے وزیر منکال وئیدیا کے سامنے یہ بات رکھی کہ کاروار میڈیکل کالج میں اگر 100 بستروں والا نیا شعبہ شروع کیا جائے تو یہاں سوپر اسپیشالٹی ہاسپٹل کی سہولتیں فراہم کی جا سکتی ہیں۔ 
    
اسپتال کے لئے درکار سہولتیں :منکال وئیدیا نے اس بات کی حمایت کرتے ہوئے کاروار انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس (کریمس) کے ڈائریکٹر ڈاکٹر گجانن نائیک سے پوچھا کہ وہاں سوپر اسپیشالٹی ہاسپٹل شروع کرنے کے لئے مزید کیا کیا سہولتیں درکار ہیں ۔ اس کے جواب میں ڈاکٹر گجانن نائیک نے بتایا کہ فی الوقت کریمس میں پوسٹ گریجویشن کی سہولت دستیاب ہے ۔ ایم ڈی اور ایم ایس کی سہولت بھی ہے ۔ دماغ کی سرجری کرنے کے لئے آپریشن تھیٹر اور کیاتھ لیاب کی ضرورت ہے ۔ 100 بستروں والا ہاسپٹل چاہیے ۔ اور ان سب سے بڑھ کر 7  سوپر اسپیشالٹی ڈاکٹروں کی ضرورت ہے۔ 
    
ماہر ڈاکٹروں کی کمی : اس پر اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے وزیر منکال وئیدیا نے ڈاکٹر گجانن سے کہا کہ ریاستی حکومت کی طرف سے 7 سوپر اسپیشالٹی ڈاکٹرس فراہم کیے جائیں گے ۔ ایم آر آئی اسکیان مشین منظور ہوئی ہے ۔ 100 بستروں والا اسپتال بھی منظور ہوا ہے ۔ اب آپ کے پاس جو فنڈ دستیاب ہے اسی کا استعمال کرتے ہوئے کیاتھ لیاب اور برین سرجری کے لئے آپریشن تھیٹر تعمیر کریں ۔ انہوں نے کہا کہ کریمس کو ایک بہترین میڈیکل کالج کے طور پر ترقی دینی چاہیے ۔ غریب عوام اور یہاں پڑھنے والے طلبہ کو اس کا فائدہ پہنچے ۔ کاروار کے میڈیکل کالج کو ملک کا نمبر ون کالج بنانا ہے ۔ اس کے لئے کیا تعاون چاہیے وہ بتائیے ۔
    
ایمبولینس ڈرائیوروں کا مسئلہ : سرکاری اسپتالوں کے لئے ایمبولینس ڈرائیوروں کی تقرری میں ہو رہی اڑچن پر اپنی بے اطمینانی کا اظہار کرتے ہوئے منکال وئیدیا نے کہا کہ کم تنخواہ کی وجہ سے ایمبولینس کے لئے ڈرائیور مل نہیں رہے ہیں ۔ لیبر ڈپارٹمنٹ کی ہدایات کے مطابق ہی ڈرائیوروں کا تقرر کیا جائے اور کل تک ضلع کے لئے دس ڈرائیوروں کا تقرر ہوجانا چاہیے ۔ اس کے علاوہ  طبی عملہ کے 458 افراد روزانہ مزدوری کی بنیاد پر جو خدمات انجام دے رہے ہیں اس پر بھی منکال نے بے اطمینانی ظاہر کی اور اس صورت حال کو بدلنے کا تیقن دیا ۔
    
کمیشن والی سرکار : منکال نے کہا کہ سابقہ حکومت کے دوران سرکاری اسپتالوں کے لئے ایجنسی کے ذریعہ ملازموں کی تقرری ہوتی تھی ۔ ان ملازمین کی تنخواہوں میں بھی کمیشن لیا جاتا تھا ۔ حکومت کے وزیروں کی پسندیدہ ایجنسیاں ہی ہوتی تھیں ۔ اب اس سسٹم کو بدل دیا جائے گا ۔  اسی کے ساتھ انہوں نے ڈی ایچ او کو ہدایت دی کہ منکی کے سرکاری اسپتال میں ڈاکٹر کی اسامی جو خالی ہے اسے فوراً پُر کیا جائے ۔ 
    
بھٹکل کے ڈاکٹروں کی ستائش : اس میٹنگ کے دوران وزیر منکال وئیدیا نے بھٹکل کے تعلقہ اسپتال میں خدمات انجام دے رہے ڈاکٹروں کی ستائش کرتے  ہوئے کہا کہ یہاں ڈاکٹرس روزانہ 18 گھنٹے مثالی خدمات دے رہے ہیں ۔ غریب عوام کے کام آ رہے ہیں ۔ اگر کام کرنا ہے تو ان کی طرح کام کرنا چاہیے ۔ میں نے خود ڈاکٹر کو اپنے گھر بلا کر تہنیت کی ہے ۔ ان کی خدمات ایسی ہیں کہ اگر ان کا تبادلہ کیا گیا تو عوام اس کے خلاف سڑکوں پر اتر آئیں گے ۔ 
 

ایک نظر اس پر بھی

کاروار: بس کو اوور ٹیک کرنے کی کوشش میں بائک سوار اُسی بس کی زد میں آکر ہلاک

  بس کو اوورٹیک کرنے کی کوشش میں اُسی بس کی زد میں آکر بائک سوار ہلاک ہوگیا جس کی شناخت  انکولہ تعلقہ کے شرگونجی  قصبہ کے رہنے والے  جیتندر گوڈا کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ حادثہ کاروار کے بینگا نیشنل ہائی وے 66 پر  جمعہ کو پیش آیا۔

بھٹکل میں ہرپل آن لائن کی جانب سے منعقد ہوا کامیاب طرحی نعتیہ مشاعرہ۔ ایک مصرع پر ١٢ شعراء کا مختلف انداز سامعین کی توجہ کا مرکز

نعت گوئی نہ صرف یہ کہ کار ثواب ہے بلکہ نعت سننا نعت پڑھنا نعت کہنا سب کچھ ذریعہ نجات بھی بن سکتا ہے۔اردو کے ایک ادیب نے غزل کے سلسلے میں جو کہا تھا کہ غزل چاول پر قل ھو اللہ لکھنے کے مترادف ہے تو مجھے محسوس ہوتا ہے کہ نعت لکھنا نعت کہنا اس سے بھی زیادہ مشکل کام ہے۔

بھٹکل میں پھیل رہا ہے ڈینگی بخار؛ کئی مریضوں کا مینگلوراسپتالوں میں ہورہا ہے علاج

شہر میں ایک طرف وقفہ وقفہ سے بارش کا سلسلہ جاری ہے وہیں ہرطرف مچھروں کی بھرمارپائی جارہی ہے، ایسے میں مچھروں سے پھیلنے والی وباء ڈینگی بخار بھی تیزی کے ساتھ پھیلنے کی خبریں موصول ہورہی ہیں۔ چونکہ بھٹکل کے اکثر لوگ سرکاری اسپتال میں اپنا علاج نہیں کراتے اور پرائیویٹ اسپتالوں ...