پولیس تھانوں میں آنے والی ہر قسم کی شکایات وصول کرنے کرناٹک کے نئے ڈی جی پی آلوک موہن کی پولس عہدیداروں کو سخت ہدایت

بنگلورو 26 مئی (ایس او نیوز) : کرناٹک کے نئے ڈائرکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) آلوک موہن نے عہدیداروں کو متنبہ کیا ہے کہ پولیس اسٹیشنوں میں عوام کی طرف سے دی جانے والی ہر قسم کی شکایتوں کو قبول کیا جائے۔ ایسا نہ کرنے کی صورت میں ذمہ دار پولیس اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
بینگلور میں پولس عہدیداروں کے ساتھ میٹنگ کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے آلوک موہن نے بتایا کہ ریاست میں امن و امان کو برقرار رکھنا ان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ سائبر کرائم کی روک تھام اور خواتین اور بچوں کی حفاظت کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
آلوک موہن نے کہا، "ہم پولیس اہلکاروں کو شہری علاقوں میں موثر ٹریفک مینجمنٹ میں اپنی مہارت کو بہتر بنانے کے لیے اضافی تیکنیکی تربیت فراہم کریں گے۔" انہوں نے کئی مقامات پر لگنے والے ٹریفک جام کو روکنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
آلوک موہن کے مطابق ریاست بھر میں پولیس اہلکاروں کی جسمانی فٹنس پر توجہ دی جائے گی، ان کی مجموعی فٹنس کی سطح کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ سینئر افسران کو معاملات کا باقاعدگی سے جائزہ لینے کی ہدایت دی گئی ہے۔ آلوک موہن نے زور دے کر کہا کہ پولیس کی لاپرواہی کی کوئی بھی مثال کسی بھی حالت میں برداشت نہیں کی جائے گی۔
Karnataka DGP Alok Mohan warns officials to receive all types of complaints at police stations