بیلگاوی سورنا سودھا میں پیر سے شروع ہوا سرمائی اجلاس؛ ایک گھنٹہ تاخیر سے شروع ہونے پر تنقید؛ اسپیکر یوٹی قادر نے آئین کی تمہید پڑھ کر شروع کی نئی روایت
بیلگاوی 4 دسمبر (ایس او نیوز): بیلگاوی سورنا سودھا میں دس روزہ سرمائی اجلاس پیر سے شروع ہوگیا۔ سرمائی اجلاس کی پہلے دن میٹنگ مقررہ وقت سے ایک گھنٹہ تاخیر سے شروع ہوئی جس پرحزب اختلاف بی جے پی اور حکمراں کانگریس کے اراکین اسمبلی نے ریاستی قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں سخت اعتراض ظاہر کیا۔
ریاستی اسمبلی کے سرمائی اجلاس کے آغاز کے موقع پر اسمبلی اسپیکر یوٹی قادر نے آئین کی تمہید پڑھ کر ایک نئی روایت کی شروعات کی۔ انہوں نے اجلاس شروع ہوتے ہی تمام اراکین کو ہدایت دی کہ وہ بھی آئین ہند کی تمہید پڑھیں۔ اس مرحلہ پر بی جے پی کے رکن بسون گوڑا پاٹل یتنال نے سوال کیا کہ وہ آئین ہند کی اصل تمہید پڑھ رہے ہیں یا ترمیم شدہ۔ اس پر قادر نے ان سے سوال کیا کہ آئین ہند کی تمہید کی کاپی انہیں ملی ہے یا نہیں۔ اس پر یتنال نے کہا کہ ان کو نقل نہیں ملی ہے۔ یوٹی قادر نے ایوان کے مارشل سے کہا کہ وہ یتنال کو نقل فراہم کریں۔ اسپیکر نے جب آئین کی تمہید پڑھی تو تمام حکمران اور اپوزیشن اراکین نے بھی کھڑے ہو کر ان کے ساتھ تمہید دہرائی۔
بتایا گیا ہے کہ ایوان کی کاروائی 11 بجے شروع ہونی تھی لیکن ایک گھنٹہ تاخیر سے شروع ہوئی۔ جس پر سینئر رکن اسمبلی بی جے پی کے سریش کمار اور کانگریس کے بسوراج رائے ریڈی نے اسپیکر یوٹی قادر پر شدید اعتراض کیا۔ سریش کمار نے کہا کہ انتظار کر رہے اراکین کو بغیر کسی اطلاع کے غیر ضروری تاخیر ریاست کے عوام کو غلط پیغام دے رہی ہے اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی ہے۔ '' ایوان کو 11 بجے دن طلب کیا گیا تھا، ایک گھنٹہ ہو گیا، ابھی دو پہر ہو گئی ہے، ہم عوام کو کیا پیغام دے رہے ہیں؟ رائے ریڈی نے بھی تاخیر پر افسوس کا اظہار کیا۔ کرناٹک قانون ساز اسمبلی میں طریقہ کار اور طرز عمل کے قواعد موجود ہیں اس کے مطابق مقررہ وقت پر سیشن شروع کیا جانا چاہیے تاخیر کرنے سےخطے کی بدنامی ہوتی ہے، رائے ریڈی نے اس بات کا حوالہ دیتے ہوئے کہ کس طرح لوک سبھا کا اجلاس وقت پر بلایا جاتا ہے، اسپیکر پر زور دیا کہ وہ ایوان کی کارروائی اعلان کردہ وقت پر شروع کریں۔ چاہے کوئی آئے یا نہ آئے، وقت پر کارروائی شروع کی جانی چاہیے ، اگر کوئی وقت پر نہیں آتا ہے تو یہ ان کے لیے شرم کی بات ہے۔ ہو سکتا ہے کہ آپ نے مختلف وجوہات کی بنا پر تاخیر کی ہو، اس کے بارے میں ایوان کو آگاہ کریں اور یقینی بنائیں کہ کوئی تاخیر نہ ہو۔
بی جے پی کے رکن اسمبلی بسون گوڈا پاٹل یتنال نے اپنی طرف سے زور دیا کہ شمالی کرناٹک سے متعلق مسائل پر بحث آج ہی سے شروع ہو جائے ۔ نہیں تو احتجاج کریں گے۔ انہوں نے کہا، ہر سال شمالی کرناٹک پر بحث بیلگاوی اجلاس کے آخری دو دنوں کے دوران طے کی جاتی ہے جب زیادہ تر قانون ساز اور وزراء موجود نہیں ہوتے ہیں۔ براہ کرم شمالی کرناٹک کے مسائل اور خطے کےساتھ ہو رہی سیاسی نا انصافی کو پہلے دن سے ہی اٹھائیں۔
اسپیکر یوٹی قادر نے اپنے رد عمل میں کہا کہ ایوان کو اپنی کار روائی وقت پر شروع کرنی چاہیے اور اس کے حوالے سے قواعد وضوابط موجود ہیں لیکن بعض وجوہات اور حالات کی وجہ سے بعض اوقات کچھ تاخیر ہوتی ہے انہوں نے کہا کہ تمام قانون سازوں کو بھی ایوان میں وقت پرحاضری کے لیے تعاون کرناچاہیے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سیشن پوری ریاست اور شمالی کرناٹک سے متعلق مسائل پر تبادلہ خیال کرنے کے لئے بلایا گیا ہے، سب کو اسی کے مطابق کام کرنا چاہیے۔ بعد ازاں ایوان نے سابق وزیر اور اسپیکر ڈی بی چندرے گوڈا سمیت ایوان کے چھ سابق ارکان کو خراج عقیدت پیش کیا جن کی حال ہی میں موت ہوئی تھی۔ اجلاس میں ہندستانی فوج کے پانچ سپاہیوں کو بھی زبر دست خراج تحسین پیش کیا گیا۔ جن میں کرناٹک کے کیپٹن ایم وی پرانجل بھی شامل ہیں، جو گزشتہ ماہ جموں اور کشمیر کے راجوری سیکٹر میں دہشت گردوں کے ساتھ ایک مقابلے کے دوران مارے گئے تھے۔ قائد حزب اختلاف آراشوک نے یہ نوٹ کرتے ہوئے کہ ریاستی حکومت نے پہلے ہی پرانجل کے خاندان کو معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے، وزیر اعلیٰ سدرامیا سے درخواست کی کہ وہ ہر ممکن طریقے سے اس خاندان کی مدد کریں، جبکہ بی جے پی رکن اسمبلی اومانتھا کو ٹیان نے حکومت پر زور دیا کہ وہ مہلوک سپاہی کے نام اور اس کی میراث کو ہمیشہ کےلیے زندہ رکھنے کے لیے ہرممکن اقدامات کرے۔