مئی میں اسمبلی انتخابات ہونے کی اطلاعات کے بعد کرناٹک میں شروع ہوگئی انتخابی گہماگہمی؛ 9 فروری کو کماراسوامی پہنچیں گے بھٹکل

بھٹکل 4 فروری (ایس او نیوز) کرناٹک میں مئی کے تیسرے ہفتے میں اسمبلی انتخابات ہونے کی اطلاعات موصول ہونے کے ساتھ ہی ریاست کی سیاسی پارٹیوں میں میٹنگوں کا آغاز ہوچکا ہے۔ اسی طرح کی ایک میٹنگ آج سنیچر کو بنگلور جے ڈی ایس پارٹی کی منعقد ہوئی جس میں بھٹکل کے جے ڈی ایس قائد عنایت اللہ شاہ بندری بھی شریک تھے۔
خبر تھی کہ جے ڈی ایس قائد اور سابق وزیراعلیٰ کماراسوامی پنچ رتن یاترا کرتے ہوئے 8 فروری کو کمٹہ پہنچ رہے ہیں، مگر اب عنایت اللہ شاہ بندری نے فون کرکے خبر دی ہے کہ 8 فروری کو کمٹہ کے بعد اگلے روز یعنی 9 فروری کو کماراسوامی ہوناور ہوتے ہوئے بھٹکل پہنچیں گے۔
بھٹکل میں عنایت اللہ شاہ بندری صاحب جے ڈی ایس کی ٹکٹ پر انتخابی میدان میں اُترنے کے لئے ہرممکن کوششوں میں لگے ہیں ، سوشیل میڈیا میں بھی ان کے پوسٹرس وائرل ہورہے ہیں، ایسے میں آج معروف کنڑا نیوز چینل ٹی وی نائن کی ایک کلپ بھی وائرل ہورہی ہے جس میں جے ڈی ایس کی میٹنگ کی بعض فوٹیج کے بیک گراونڈ میں عنایت اللہ شاہ بندری کی آواز سنائی دے رہی ہے جس میں وہ کماراسوامی سے مخاطب ہوتے ہوئے اُنہیں بھٹکل آنے پر اصرار کررہے ہیں۔
پتہ چلا ہے کہ بند کمرے میں ہوئی جے ڈی ایس میٹنگ میں صرف ایم ایل اے کے ممکنہ اُمیدواروں کو ہی شریک ہونے کی اجازت تھی۔ بعد میں فون پر عنایت اللہ شاہ بندری نے تصدیق کی کہ انہوں نے کماراسوامی کو بھٹکل آنے کے لئے راضی کرادیا ہے اور وہ 9 فروری کو بھٹکل پہنچ رہے ہیں۔