ہوناور : قرضہ کے بوجھ سے پریشان پولیس کانسٹیبل نے کاسرکوڈ ایکو بیچ پر کی خود کشی

ہوناور ، 8 / فروری (ایس او نیوز) کنداپور پولیس اسٹیشن سے تعلق رکھنے والے کانسٹیبل نے قرضہ کے بوجھ سے پریشان ہو کر ہوناور تعلقہ کے کاسرکوڈ ایکو بیچ پر خود کشی کر لی ۔
پھانسی لگا کر اپنی جان سے ہاتھ دھونے والے شخص کا نام راما گوڈا (32 سال) بتایا گیا ہے جو کہ کمٹہ تعلقہ کے ناڈو ماسکیری گاوں کا رہنے والا تھا ۔ یہ شخص آن لائن جوئے بازی کی لت میں مبتلا ہوا تھا اور اس کی وجہ سے بہت زیادہ قرض دار ہوگیا تھا ۔ پچھلے پانچ چھ دن سے وہ بغیر کسی اطلاع کے ڈیوٹی سے غیر حاضر تھا اور اس کا موبائل فون بھی سوئچ آف آ رہا تھا ۔
جس جگہ درخت سے پھانسی لگی ہوئی اس کی لاش بر آمد ہوئی ہے وہیں پاس میں اس کی بیگ پائی گئی ہے اور اور ڈیتھ نوٹ بھی ملا ہے جس میں اس نے اپنے بھاری قرضہ کا ذکر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ اپنی موت کے لئے وہ خود ذمہ دار ہے ۔ اس کے علاوہ اپنی پولیس کی نوکری اپنی بہن کو دینے اور اپنی موٹر بائک گھر پر پہنچانے کی گزارش کی ہے ۔