گودھرا سانحہ:سپریم کورٹ اپیلوں پر حتمی سماعت کیلئے تیار

Source: S.O. News Service | Published on 18th September 2023, 11:40 AM | ملکی خبریں |

ممبئی ، 18/ستمبر(ایس او نیوز/ایجنسی)27فروری2002کو ایودھیا سے بذریعہ سابرمتی ٹرین لوٹ رہے 59کار سیوکوں کومبینہ زندہ جلانے کے الزامات کے تحت ہائی کورٹ سے عمر قید کی سزا پانے والے ملزمین کی اپیلوں پر حتمی سماعت کے لئے سپریم کورٹ راضی ہوگئی ہے-گذشتہ دنوں اس اہم معاملے کی سماعت سپریم کورٹ آف انڈیا کی دو رکنی بینچ کے جسٹس جے کے مہیشوری اور جسٹس کے وی وشوناتھن کے روبرو عمل میں آئی جس کے دوران عدالت نے فریقین کے وکلاء کو حکم دیا کہ وہ چار ہفتوں کے اندر اپنا تحریری جواب عدالت میں داخل کریں، تحریری جواب داخل ہونے کے بعد عدالت اس مقدمہ کی حتمی سماعت کئے جانے کی تاریخ متعین کرے گی-ملزمین کو قانونی امداد فراہم کرنے والی تنظیم جمعیۃ علماء مہاراشٹر(ارشد مدنی) کے توسط سے گجرات ہائی کورٹ سے عمر قید کی سزاء پانے والے 31ملزمین نے سپریم کورٹ آف انڈیا میں اپیل داخل کی تھی- ملزمین کی جانب سے اپیلیں 2018میں داخل کی گئی تھی، اپیلوں پر سماعت نہیں ہونے کی وجہ سے چند ملزمین کی ضمانت عرضداشتیں بھی داخل کی گئی تھیں جنہیں عدالت نے منظور کرلیا تھا جبکہ بقیہ ملزمین کی ضمانت عرضداشتیں مسترد کرتے ہوئے معاملے کی حتمی سماعت کئے جانے کا حکم جاری کیا گیا تھا- گودھر ا مقدمہ اپنی نوعیت کا ایک بہت بڑا مقدمہ ہے جس میں تحقیقاتی دستوں نے قتل، اقدام قتل اور مجرمانہ سازش کے الزامات کے تحت 94مسلم نوجوانوں کو گرفتار کیا تھا اور ان کے خلاف مقدمہ چلایا گیا، جہاں نچلی عدالت نے ثبوتوں کی عدم موجودگی کے سبب 63ملزمین کو باعزت بردی کردیا تھا وہیں 20ملزمین کو عمر قید اور 11دیگر ملزمین کو پھانسی کی سزا سنائی گئی تھی-9/ اکتوبر2017کو گجرا ت ہائی کورٹ کی دو رکنی بینچ کے جسٹس اننت ایس دوے اور جسٹس جی آر وادھوانی نے اپنے 987صفحات پر مشتمل فیصلہ میں ایک جانب جہاں نچلی عدالت سے ملی عمر قید کی سزاؤں کو برقرار رکھا تھا وہیں پھانسی کی سزاؤں کو عمر قید میں تبدیل کرکے ملزمین کو کچھ راحت دی تھی - ملزمین بلال احمد عبدالمجید، عبدالرزاق، رمضانی بنیامین بہیرا،حسن احمد چرخہ،جابر بنیامین بہیرا، عرفان عبدالمجید گھانچی،عرفان محمد حنیف عبدالغنی، محبو احمد یوسف حسن، محمود خالد چاندا، سراج محمد عبدالرحمن، عبدالستار ابراہیم، عبدالرؤف عبدالماجد،یونس عبدالحق، ابراہیم عبدالرزاق، فارق حاجی عبدالستار، شوکت عبداللہ مولوی، محمد حنیف عبداللہ مولوی،شوکت یوسف اسماعیل،انور محمد،صدیق ماٹونگا عبداللہ بدام شیخ،محبوب یعقوب، بلال عبداللہ اسماعیل، شعب یوسف احمد، صدیق محمد مورا،سلیمان احمد حسین، قاسم عبدالستارکی جانب سے داخل اپیلوں پر سپریم کورٹ اگلے مہینہ سماعت کرے گی-ایک جانب جہاں عدالت متذکرہ ملزمین کی اپیلوں پر سماعت کریگی وہیں حکومت گجرات کی جانب سے سزاؤں میں اضافہ کی اپیلوں پر بھی سماعت کرے گی- حکومت گجرات نے عمرقید کی سزاؤں کو پھانسی کی سزاؤں میں تبدیل کرنے کی اپیل سپریم کورٹ میں داخل کی ہے-عدالت تمام اپیلوں پریکجا سماعت کرے گی-اس ضمن میں گذشتہ دنوں جمعیۃ علما ء قانونی امداد کمیٹی کی ایک میٹنگ دفتر جمعیۃ علماء مہاراشٹر (ممبئی) میں منعقد ہوئی تھی، جس میں کار گذار صدر جمعیۃ علماء مہاراشٹر حافظ مسعود حسامی، جنرل سکریٹری مولانا حلیم اللہ قاسمی، مفتی عبدالقیوم منصوری (احمدآباد) ایڈوکیٹ انصار تنبولی،ایڈوکیٹ شاہد ندیم و دیگر نے شرکت کی تھی- موصولہ اطلاعات کے مطابق اس معاملے میں حتمی بحث کرنے کے لئے جمعیۃ علماء سینئر وکلاء کی خدمات حاصل کرے گی، نیز اس تعلق سے لیگل ایڈوائزر جمعیۃ علماء ایڈوکیٹ شاہد ندیم بہت جلددہلی میں سینئروکلاء اور ایڈوکیٹ آن ریکارڈ سے کانفرنس کریں گے-

ایک نظر اس پر بھی

مسلم پرسنل لاء بورڈ وفد کی آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ سے ملاقات؛ نائیڈو نےمسلمانوں کے تمام جائز مطالبات کی حمایت کا دلایا یقین

آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے ایک وفد نے ریاست آندھراپردیش کے وزیراعلیٰ چندرا بابو نائیڈو سے ملاقات کی اور وقف ترمیمی بل 2024 سے متعلق اپنے اعتراضات اور اندیشوں سے انھیں واقف کرایا۔

پونے میں پانی کی ٹنکی پھٹنے سے 4 مزدور ہلاک، 7 زخمی

مہاراشٹر کے پونے میں پانی کی ٹنکی اچانک پھٹ جانے سے 4 مزدوروں کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ اس دلخراش واقعے میں 7 دیگر مزدور بھی شدید زخمی ہوئے ہیں۔ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب مزدور وہاں نہا رہے تھے۔ دستیاب معلومات کے مطابق، یہ ٹنکی صرف 3 روز پہلے ہی نصب کی گئی تھی۔ جیسے ہی حادثے کی ...

یوپی ضمنی انتخابات: کانگریس نے سماج وادی پارٹی کے ٹکٹ پر امیدوار نامزد کیا

اتر پردیش میں سات سیٹوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں دلچسپی بڑھ گئی ہے۔ کانگریس وہاں اپنے نشان پر انتخاب لڑنے کی ہمت نہیں کر پا رہی، جس کا ثبوت جمعرات کو اس وقت ملا جب سماج وادی پارٹی نے اپنے دو امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا۔ ایس پی نے غازی آباد کی صدر سیٹ سے سنگھ راج جاٹو ...

فضائی آلودگی کنٹرول کرنے کے اقدامات: این ڈی ایم سی نے دہلی میں پارکنگ فیس دوگنا کر دیا

دہلی میں فضائی آلودگی خطرناک سطح تک پہنچ گئی ہے، اور اس کے تدارک کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس ضمن میں نئی دہلی میونسپل کونسل (این ڈی ایم سی) نے اپنے دائرہ اختیار میں آنے والے علاقوں میں پارکنگ فیس دوگنا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد نجی گاڑیوں کے استعمال کو کم ...

جھارکھنڈ اسمبلی انتخابات: وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین سمیت 100 سے زائد رہنماؤں نے آج جمع کرائے نامزدگی کے کاغذات

جھارکھنڈ میں اسمبلی انتخابات کی تیاریوں میں تیزی آ گئی ہے۔ آج مختلف سیاسی جماعتوں کے 100 سے زائد امیدواروں نے اپنے نامزدگی کے کاغذات جمع کرائے، جس کے نتیجے میں متعلقہ علاقوں میں خاصی سرگرمی دیکھنے کو ملی۔ شہروں اور قصبوں میں پورے دن ریلیوں اور اجلاسوں کا سلسلہ جاری رہا۔ 4 ...

مادھبی پوری بچ پی اے سی کے سامنے پیش نہیں ہوئیں، کمیٹی کا اجلاس ملتوی

سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج بورڈ آف انڈیا (سیبی) کی چیئرپرسن مادھبی پوری بچ نے آج (24 اکتوبر 2024) ذاتی وجوہات کی بنا پر پارلیمنٹ کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کے اجلاس میں شرکت نہیں کی۔ کانگریس کے رہنما اور پی اے سی کے چیئرمین کے سی وینوگوپال نے ان کی غیر موجودگی کا ذکر کرتے ہوئے ...