سابق اُترکنڑا ایم پی اننت کمار ہیگڑے نے خود اپنے پیر پر ماری کلہاڑی - ایک زمانے کا ہیرو اب بن گیا زیرو !

Source: S.O. News Service | By I.G. Bhatkali | Published on 7th June 2024, 10:11 PM | ساحلی خبریں |

بھٹکل7 / جون (ایس او نیوز)  آج کل ضلع شمالی کینرا کی سیاسی گلیاروں میں ہر کوئی یہ محسوس کر رہا ہے کہ سابق ایم پی اننت کمار ہیگڑے نے اپنے غرور اور تکبر کی لہروں میں بہتے ہوئے خود اپنے ہی پیر پر کلہاڑی مارنے کا کام کیا ہے ۔ 

    اب یہ کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں رہی  کہ حالیہ لوک سبھا الیکشن میں ٹکٹ نہ ملنے کی وجہ سے اننت کمار ہیگڑے نے اپنی پارٹی کے امیدوار وشویشورا ہیگڑے کاگیری کی تشہیری مہم کے ساتھ دور  رہنے اور انہیں شکست سے دوچار کرنے کی کوشش کی اور اس کے باوجود وشویشور ہیگڈے کاگیری  نے  شاندار جیت درج کی  جس  کے بعد اب ضلع بی جے پی کے لئے ایک زمانے تک ہیرو بنے رہنے والے اننت کمار ہیگڑے کی حیثیت زیرو ہوگئی ہے ۔ 

    اننت کمار ہیگڑے کے دماغ میں یہ سنک بیٹھ گئی تھی کہ ضلع میں اسی کی وجہ سے بی جے پی کا  بھرم باقی ہے ۔ جو کچھ بھی سیاسی استحکام پارٹی کو ملا ہے وہ بس اسی کی وجہ سے ہے  اس لئے وہ پارٹی کو اپنی انگلیوں پر نچاتا رہے گا اور پارٹی ہر طرح اس کو برداشت کرتی رہے گی ۔ 

    اسی خر دماغی اور اپنی بالا دستی بنائے رکھنے کے زعم میں اس نے پارٹی کے اندر کسی دوسرے لیڈر کو ابھرنے بھی نہیں دیا ۔ اننت کمار ہیگڑے کی اس سوچ کا شکار ہونے والوں میں بھٹکل اسمبلی حلقے کے سابق ایم ایل اے اور وزیر شیوانند نائک، یلاپور حلقے کے وی ایس پاٹل، کاروار کے گنگا دھر بھٹ، کمٹہ کے ششی بھوشن ہیگڑے کے نام گنائے جا سکتے ہیں ۔ ان تمام لیڈروں نے جب دوسری مرتبہ انتخاب میں ٹکٹ حاصل کیا تو اننت کمار ہیگڑے نے ہاتھ پر ہاتھ دھرے گھر میں بیٹھتے  ہوئے کسی کے لئے بھی تشہیری مہم یا انہیں جیت دلانے کی مشقت نہیں کی، جس کی وجہ سے یہ امیدوار الیکشن ہار گئے تھے ۔ اسی پس منظر میں اننت کمار پر اپنی ہی پارٹی کے لیڈروں کو خود سے آگے نکلنے سے روکنے کے لئے مخالفین سے ہاتھ ملانے کے  الزامات بھی لگتے رہے ۔

    یہ بھی درست ہے کہ اننت کمار ہیگڑے نے  انکولہ حلقے سے سرسی حلقے میں آنے والے وشویشورا ہیگڑے کاگیری کی ہمیشہ مخالفت کی تھی ۔ گزشتہ اسمبلی الیکشن میں سرسی اسمبلی حلقہ میں  کاگیری کی ہار کا ایک سبب یہ بھی ہو سکتا ہے ۔ مگر اس بار اننت کمار کے داو پیچ کام نہیں آئے اور کاگیری کی جیت نے اننت کمار کی دھجیاں بکھیر دیں ۔

    دیش پریم اور ہندوتوا کا جھنڈا اٹھائے رکھنے والے اننت کمار ہیگڑے پر نظر رکھنے والوں کا کہنا ہے کہ وہ ایڈجسٹ منٹ پالیٹکس کا گیم کھیلنے میں بھی ماہر ہے ۔ گزشتہ کئی انتخابات میں اننت کمار ہیگڑے کا یہ چہرا بھی جانکاروں نے صاف دیکھا ہے ۔ بعض سیاسی تجزیہ کار کہتے ہیں کہ اننت کمار نے اسی ایڈجسٹ منٹ پالیٹکس کے تحت بھٹکل میں اپنی پارٹی کے شیوانند نائک کو ہرانے کے لئے کانگریس کے جے ڈی نائک کو، کمٹہ میں ششی بھوشن کو شکست دینے کے لئے دینکر شیٹی کو، ہلیال میں سنیل ہیگڑے کے مقابلے میں دیشپانڈے کے ساتھ ساز باز کی تھی اور انہیں جیت درج کرنے کے لئے سہولت پہنچائی تھی ۔کہا جاتا ہے کہ اس سے اننت کمار ہیگڑے  نے دو طرح کے فائدے حاصل کیے ۔ پہلا یہ کہ دوسرے مرحلے کی قیادت کو ابھرنے کا موقع نہیں ملا ۔ دوسرا یہ کہ اسمبلی الیکشن میں کانگریسی امیدواروں کو فائدہ پہنچا کر پارلیمانی الیکشن میں ان لیڈروں سے اپنے لئے حمایت کو یقینی بنا لیا ۔ بتایاجاتا ہے کہ  2024 کے لوک سبھا الیکشن میں اپنی جیت کو یقینی بنانے کے لئے 2023  کے اسمبلی الیکشن میں بھی اننت کمار ہیگڑے نے یہی چال چلی تھی ، مگر اننت کمار کی بدقسمتی کہیں کہ وشویشورا ہیگڑے کاگیری کے ستارے عروج پر تھے اور وہ زبردست جیت سے ہمکنار ہوگئے ۔ 
    لوگوں کو یہ بھی کہتے ہوئے سنا گیا ہے کہ اننت کمار ہیگڑے نے 2023 کے اسمبلی الیکشن میں پارٹی کے جن امیدواروں کو نقصان پہنچایا تھا اور رکن پارلیمان کی کرسی حاصل کرنے کے لئے کسی کے اندر دم نہ ہونے کا جو چیلنج کیا تھا اس سے تلملائے ہوئے پارٹی کے لیڈروں اور کارکنان نے اس مرتبہ لوک سبھا انتخابات میں کاگیری کی جیت کی شکل میں اننت کمار کو ہی سبق سکھا دیا ۔ 

ایک نظر اس پر بھی

بھٹکل: بھاری بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں بینگلورو سے مینگلور، مرڈیشور اور کاروار کے درمیان چلنے والی ٹرینیں عارضی طور پر منسوخ

ساوتھ ویسٹرن ریلوے کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق میسورو ڈیویژن کے سیکشن میں وائی ڈی کے - کے جی وی ایل سکیشن میں مٹی کھسک  کر ریلوے ٹریکس پر گرنے کی وجہ سے اس روٹ پر کچھ  ٹرینیں منسوخ کی گئی ہیں

بھٹکل ٹی ایم سی میں گرما گرم بحث : گیس اسٹیشن کے لئے نو آبجکشن لیٹر منسوخ کرنے کا مطالبہ

شہر کے سنڈے مارکیٹ روڈ پر ایل پی جی بنک قائم کرنے کے لئے ٹی ایم سی ایڈمنسٹریٹر اور اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر نینا کی طرف سے جو نو آبجکشن لیٹر ضلع ڈپٹی کمشنر کو بھیجا گیا ہے اس پر ٹاون میونسپل کاونسل کی میٹنگ میں گرما گرم بحث ہوئی اور اسے منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا گیا ۔

بھٹکل انجمن کی پانچ نئی اسکول بسوں کا افتتاح

نجمن حامئی مسلمین  بھٹکل کے    تعلیمی اداروں کے لئے آج جمعرات کو 5 نئی اسکول بسوں کا افتتاح  عمل میں آیا، اس موقع پر  انجمن کے صدر  یونس قاضیا، جنرل سکریٹری  اسحاق شاہ بندری ، سابق جنرل سکریٹری صدیق اسماعیل سمیت کئی دیگر  عہدیداران واراکین انتظامیہ موجود تھے۔

انکولہ چٹان کھسکنے کا معاملہ: فوت شدہ خاتون کی آخری رسومات میں تعاون کرنے والے مینگلور کے صحافیوں کی ڈی سی نے کی تہنیت

دکشن کنڑا ڈپٹی کمشنر مولئی موہیلن نے انکولہ کے شیرور میں چٹان کھسکنے کے بعد ملبے کے اندر دب کر ہلاک ہونے والی خاتون کی آخری رسومات انجام دینے میں تعاون کرنے والے مینگلورو کے صحافیوں کی انسانیت نوازی کو سراہا اور ان کی تہنیت کی