بھٹکل؛ اتر کنڑا میں کانگریسی امیدوار کی جیت کے لئے ایک ہوگئے سابق اور موجودہ وزراء

Source: S.O. News Service | Published on 2nd April 2024, 4:40 PM | ساحلی خبریں |

بھٹکل، 2 / اپریل (ایس او نیوز) پارلیمانی الیکشن میں اتر کنڑا حلقے سے کانگریسی امیدوار ڈاکٹر انجلی نمبالکر کو جیت سے ہمکنار کرنے کے لئے سابق وزیر آر وی دیشپانڈے اور موجودہ وزیر منکال وئیدیا نے ہاتھ ملالیا ہے جسے کانگریسی پارٹی کے لئے اچھی علامت سمجھا جا رہا ہے۔
    
سیاسی حلقے میں یہ بات مشہور ہے کہ اس بار اسمبلی الیکشن کے بعد کانگریس نے جب اقتدار سنبھالا تو پارٹی نے ضلع کے سینئر ترین لیڈر دیشپانڈے کو وزارتی قلمدان سے دور رکھتے ہوئے منکال وئیدیا کو کابینہ میں شامل کر لیا جس کی وجہ سے دیشپانڈے ناراض ہوگئے اور پارٹی کی سرگرمیوں سے کچھ دوری اختیار کر لی۔ دوسری طرف منکال وئیدیا نے بھی وزارتی قلمدان سنبھالنے کے بعد اب تک دیشپانڈے کے حلقے ہلیال اور ڈانڈیلی سے اپنے آپ کو دور ہی رکھا تھا۔
    
سمجھا جاتا ہے کہ وزیر اعلیٰ سدارامیا نے دیشپانڈے کو اور نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوا کمار نے منکال وئیدیا کو ضلع اتر کنڑا سے کانگریسی امیدوار کو کسی بھی قیمت پر جیت دلانے کا ٹارگیٹ دے رکھا ہے جسے پورا کرنے کے لئے اب یہ دونوں لیڈران یکجا ہوئے ہیں اور پارٹی امیدوار کے حق میں تشہیری مہم کے لئے میدان میں اتر گئے ہیں۔
    
اطلاع کے مطابق آر وی دیشپانڈے اور منکال وئیدیا نے پارٹی کی امیدوار ڈاکٹر انجلی نمبالکر کے ساتھ ہلیال، جوئیڈا اور ڈانڈیلی تعلقہ جات میں تشہیری مہم چلائی اور تینوں ایک ہی کار میں سفر کرتے ہوئے بھی نظر آئے جس کا مطلب یہ ہے کہ پارٹی کی جانب سے دیا گیا چیلینج قبول کرتے ہوئے ان دونوں لیڈروں نے آپسی دوری اور اندرونی رنجش کو ختم کیا ہے اور ہر حال میں پارٹی امیدوار کو جیت دلانے کے مقصد سے سرگرم ہوگئے ہیں۔ 
    
معلوم ہوا ہے کہ دیشپانڈے نے ایک عرصے بعد خانہ پور علاقے کا بھی دورہ کیا جہاں مراہٹی بولنے والوں کی اکثریت ہے اور یہ دیشپانڈے کے کٹر حامیوں کا علاقہ سمجھا جاتا ہے۔ اس علاقے میں دیشپانڈے کی طرف سے تشہیری مہم میں حصہ لینا کانگریسی امیدوار کے حق میں اچھے نتائج کا سبب بن سکتا ہے۔
    
اب جبکہ گزشتہ کئی برسوں سے اتر کنڑا پارلیمانی حلقے کی سیٹ کو اپنی گرفت میں رکھنے والے اننت کمار ہیگڑے کو بی جے پی نے میدان سے ہٹا دیا ہے اور وشویشورا ہیگڑے کاگیری کو ٹکٹ دے کر مقابلے کے لئے اتارا ہے، جس کے بعد اننت کمار ہیگڑے نے ناراض ہو کر تشہیری مہم سے کنارہ کشی کر لی ہے تو دیشپانڈے کا پوری طرح سرگرم ہوجانا اور منکال کے ساتھ دوری ختم کرتے ہوئے مشترکہ طور پر جد و جہد کے لئے آگے بڑھنا کانگریس پارٹی اور اس کی امیدوار کے لئے جیت کا راستہ آسان کر سکتا ہے ۔  

ایک نظر اس پر بھی

بھٹکل ٹی ایم سی میں گرما گرم بحث : گیس اسٹیشن کے لئے نو آبجکشن لیٹر منسوخ کرنے کا مطالبہ

شہر کے سنڈے مارکیٹ روڈ پر ایل پی جی بنک قائم کرنے کے لئے ٹی ایم سی ایڈمنسٹریٹر اور اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر نینا کی طرف سے جو نو آبجکشن لیٹر ضلع ڈپٹی کمشنر کو بھیجا گیا ہے اس پر ٹاون میونسپل کاونسل کی میٹنگ میں گرما گرم بحث ہوئی اور اسے منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا گیا ۔

بھٹکل انجمن کی پانچ نئی اسکول بسوں کا افتتاح

نجمن حامئی مسلمین  بھٹکل کے    تعلیمی اداروں کے لئے آج جمعرات کو 5 نئی اسکول بسوں کا افتتاح  عمل میں آیا، اس موقع پر  انجمن کے صدر  یونس قاضیا، جنرل سکریٹری  اسحاق شاہ بندری ، سابق جنرل سکریٹری صدیق اسماعیل سمیت کئی دیگر  عہدیداران واراکین انتظامیہ موجود تھے۔

انکولہ چٹان کھسکنے کا معاملہ: فوت شدہ خاتون کی آخری رسومات میں تعاون کرنے والے مینگلور کے صحافیوں کی ڈی سی نے کی تہنیت

دکشن کنڑا ڈپٹی کمشنر مولئی موہیلن نے انکولہ کے شیرور میں چٹان کھسکنے کے بعد ملبے کے اندر دب کر ہلاک ہونے والی خاتون کی آخری رسومات انجام دینے میں تعاون کرنے والے مینگلورو کے صحافیوں کی انسانیت نوازی کو سراہا اور ان کی تہنیت کی

ہوناور کے شراوتی کنارے بسنے والوں کے لئے جاری ہوا الرٹ؛ لنگن مکی میں بڑھ گئی پانی کی سطح

ہوناور میں موسلا دھار بارش کے نتیجے میں لنگن مکّی آبی ذخیرے میں پانی کی سطح خطرے کے نشان کی طرف بڑھنے لگی ہے جس کی وجہ سے شراوتی ندی کے دونوں کناروں پر بسنے والوں کے چوکنا رہنےکا پہلا الرٹ جاری کیا گیا ہے ۔