بینگلورو میں کباڑ کے شیڈ میں بھڑکی آگ - تین افراد زندہ جل گئے - پانچ شدید زخمی
بینگلورو 21/ فروری (ایس او نیوز) شہر کے مضافات کومبلاگوڈو میں واقع ایک کباڑ کے شیڈ میں بوتلوں میں پرفیوم اور کیمیکلس بھرنے کے دوران اچانک آگ بھڑکنے کی وجہ سے تین افراد زندہ جل گئے جبکہ پانچ افراد شدید زخمی ہوئے اور ان میں سے چار کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے ۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق فوت ہونے والے ایک شخص کا نام سلیم (30 سال) ہے جو کہ مبینہ طور پر بوتلوں میں کیمیکلس اور پرفیوم بھرنے کا دھندہ چلا رہا تھا ۔ بقیہ دو افراد کی شناخت ابھی نہیں ہو سکی ہے ۔ جبکہ زخمی مزدوروں کے نام افروز، صادق، اللہ بخش، ریاض اور عمران بتائے گئے ہیں ۔ وکٹویہ ہاسپٹل میں ان سب کا علاج کیا جا رہا ہے ۔
اطلاعات کے مطابق کل شام پانچ بجے کے قریب جب آتشزدگی کا یہ معاملہ پیش آیا، تب رام سندرا میں واقع اس شیڈ میں مبینہ طور پر آٹھ مزدور بوتلوں میں کیکمیکلس بھر رہے تھے ۔ اس دوران اچانک دھماکہ ہوا اور پورے شیڈ کو آگ نے نگل لیا ۔ بھڑکی ہوئی آگ کے درمیان پانچ لوگ شدید زخمی حالت میں شیڈ سے باہر نکلنے میں کامیاب ہوگئے جبکہ تین افراد جل کر خاکستر ہوگئے ۔
چونکہ اس شیڈ میں استعمال ہونے والے کیمیکلس زیادہ تر آتش گیر مادے تھے اس لئے آگ تیزی سے بھڑکی، اسی کے ساتھ کئی دھماکے ہوئے ۔ شیڈ کے قریب پارک کی گئی ایک موٹر کار، ایک آٹو رکشہ اور ایک دو پہیہ گاڑی جل کر خاک ہوگئی ۔ پڑوسی عمارت کو بھی جزوی نقصان پہنچا ۔ فائر بریگیڈ عملے کو آگ پر قابو پانے میں دقت کا سامنا کرنا پڑا ۔
پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ اس شیڈ میں شائد ایکسپائرڈ شیمپو کو نئی بوتلوں میں بھرنے کا کام بھی کیا جاتا تھا ۔ سمجھا جاتا ہے کہ بوتلوں میں کیمیکل بھرنے کے دوران کسی چنگاری کی وجہ سے آگ بھڑکی ہوگی ۔ اس کے اصل سبب کے تعلق سے فورنسک ماہرین جانچ کر رہے ہیں ۔
پولیس نے کیس درج کر لیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہے ۔