کیرالہ آرایس ایس لیڈر کے گھر پربازیافت ہوا دھماکہ خیز مادہ
کنور31 / مارچ (ایس او نیوز)ریاست کیرالہ کے کنّورضلع کے پوئیلورو نامی مقام پر پولیس نے مقامی آر ایس ایس لیڈر وڈاکئیل پرمود اور اس کے رشتہ دار وڈاکئیل شانتا کے گھر پر چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے 770 کلو گرام دھماکہ خیز مادہ برآمد کرکیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر چھاپہ ماری کرتے ہوئے بازیافت کیے گئے اس دھماکو مادے کا براہ راست تعلق پرمود سے ہے ۔ معلوم ہوا ہے کہ یہ کانکنی میں استعمال ہونے والا دھماکہ خیز مادہ ہے۔
پولیس نے بتایا کہ یہ دھماکو مادہ دوسرے مقامات پرسپلائی کرنے کے مقصد سے جمع کیا گیا تھا۔ اس پس منظر میں اس علاقے میں حفاظتی بندوبست تیز کر دیا گیا ہے۔ ایک بات یہ بھی کہی جا رہی ہے کہ یوگادی کے موقع پر پٹاخے بنانے کے لئے یہ بارودی مادہ جمع کرکے رکھا گیا تھا۔
پارلیمانی الیکشن قریب آنے پر اتنی بڑی مقدار میں دھماکو مادہ کا ذخیرہ بازیافت ہونے سے مقامی لوگوں میں تشویش پیدا ہوئی ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال کّنور کے قریب وشنو نامی آر ایس ایس کا ایک نوجوان کارکن بم تیار کرنے کی کوشش میں دھماکے کی وجہ سے بری طرح زخمی ہوگیا تھا۔
پولیس نے اس معاملے میں کیس درج کرتے ہوئے ملزم پرمود کو گرفتار کرلیا ہے ۔