منگلورو ائرپورٹ سے دبئی جانے کے دوران مسافر کے انڈر وئیر سے برآمد ہوئے 1.69 کروڑ روپے مالیت کے ہیرے

منگلورو 28 / مئی (ایس او نیوز) منگلورو انٹر نیشنل ایئر پورٹ سے دبئی کے لئے روانہ ہونے والے مسافروں کی پرواز سے قبل سیکیوریٹی چیکنگ کے دوران سینٹرل انڈیسٹریل سیکیوریٹی فورس کے اہلکاروں نے ایک مسافر کے قبضے سے 1.69 کروڑ روپے مالیت کے ہیرے ضبط کر لیے ہیں۔
بنگلور کسٹم آفس کی طرف سے ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ کاسرگوڈ سے تعلق رکھنے والے اس مسافر نے دو تھیلیوں میں رکھے ہیروں کو اپنے انڈر وئیر میں چھپا رکھا تھا ۔ سیکیوریٹی اہلکاروں نے مسافر کو پرواز سے باز رکھتے ہوئے کسٹمز افسران کے حوالے کیا ۔ افسران کا کہنا ہے دو تھیلیوں میں 13چھوٹے پیکیٹس تھے جن میں مختلف سائز کے ہیرے رکھے ہوئے تھے جن کا مجموعی وزن 306.21 قیراط تھا اور ان کی مالیت کا اندازہ 1.69 کروڑ روپے لگایا گیا ہے ۔
ہیرے غیر قانونی طور پر دبئی لے جانے کی کوشش کرنے والے اس مسافر کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا گیا ہے، جہاں سے اس کو عدالتی تحویل میں بھیجا گیا ہے ۔ مزید تحقیقات جاری ہے ۔