بھٹکل تحصیلدار اوراے سی آفسوں میں ایک دہائی سے تعینات افسران کو ٹرانسفر کرنے کا مطالبہ - آر ٹی آئی فورم نے دیا میمورنڈم
بھٹکل یکم / دسمبر (ایس او نیوز) بھٹکل تحصیلدار اوراسسٹنٹ کمشنر کے دفتروں میں گزشتہ دس سالوں سے ٹرانسفر کے بغیر ایک ہی جگہ پر تعینات افسران اور اہلکاروں کے تبادلے کا مطالبہ کرتے ہوئے ریاستی آر ٹی آئی فورم بھٹکل یونٹ کی طرف سے تحصیلدار کے توسط سے ضلع ڈپٹی کمشنر کو میمورنڈم پیش کیا گیا۔
میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ تحصیلدار اور اے سی دفتر میں برسہا برس سے تعینات افسران اور اہلکار اپنے ٹرانسفر کو یہاں سے وہاں بدلتے ہیں اور ایک ہی مقام پر دس دس سال سے تعینات ہیں۔ اس کی وجہ سے دونوں دفاتر میں شفافیت کے ساتھ عوام کا کام نہیں کیا جاتا ہے اور کرپشن کا بازار گرم ہوتا ہے۔ سرکاری کام کے لئے عوام کو دلالوں کا سہارا لینا پڑتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ افسران ان دفاتر سے ٹرانسفر ہو کر کسی اور جگہ تعینات ہونے کے لئے تیار نہیں ہوتے۔
میمورنڈم میں مطالبہ کیا گیا ہے اگران دفتروں میں تین سال کی مدت پوری کرنے والے افسران کو آئندہ ایک مہینے کے اندر یہاں سے ٹرانسفر نہیں کیا گیا تو پھر اسسٹنٹ کمشنر دفتر کے سامنے غیر معینہ مدت تک احتجاجی دھرنا دیا جائے گا۔
اس موقع پر ریاستی آر ٹی آئی فورم بھٹکل یونٹ کے صدر ناگیندرا نائک، ناگیش نائک، شنکر نائک، وسنت دیواڈیگا ہیبلے ، شرینواس نائک وغیرہ موجود تھے ۔