بی جے پی کانگریس کو اقتدار میں آنے سے باز رکھ رہی ہے: کانگریس صدر ملیکارجن کھرگے کا دعویٰ

نئی دہلی 9/ نومبر (ایس او نیوز/پی ٹی آئی ) کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے نے آج بی جے پی کے اقتدار والی حکومت پر تنقیدکرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ بی جے پی ان کی پارٹی کو اقتدار میں آنے سے باز رکھنے کیلئے ای ڈی، سی بی آئی اور آئی ٹی ڈپارٹمنٹ کا استعمال کررہی ہے۔
کانگریسی صدر نے چھتیس گڑھ میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آر ایس ایس ، بی جے پی اور وزیر اعظم نریندر مودی آئین کو تبدیل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ان کی کوششوں کو روکنے کیلئے کانگریس کی ۵؍ ریاستوں میں جیت ضروری ہے جن میں چھتیس گڑھ بھی اہم ہے۔خیال رہے کہ منگل کو میزروم اسمبلی کے پہلے مرحلے کے انتخابات متوقع ہے۔اس ماہ کے آخرمیں چھتیس گڑھ کے دوسرے مرحلے کے انتخابات ، راجستھان ، مدھیہ پردیش اور تلنگانہ میں الیکشن ہوں گے۔کھرگے نے دعویٰ کیا کہ کانگریس غریبوں کیلئے لڑے گی جبکہ بی جے پی اڈانی اور امیروں کیلئے۔انہوں نے ان پانچ ریاستوں میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے حوالے سے کہا کہ یہ الیکشن ملک کے مستقبل کو بدلیں گےاور یہ نہایت اہم ہیں کیونکہ آر ایس ایس ، وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی آئین کو تبدیل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے لوگوں کو محروم رکھا ہے۔
انہیں روکنے کیلئے ان پانچ ریاستوں میں کانگریس کی جیت نہایت اہم ہے جن میں چھتیس گڑھ قابل ذکر ہے۔کھرگے نے مودی کو نشانہ بناتے ہوئے دوبارہ کہا کہ مودی جی کہتے ہیں کہ انہوں نے ملک کیلئے بہت کچھ کیا اور کانگریس سے سوال کرتے ہیں کہ اس نے ملک کیلئے کیا کیا ہے۔کانگریس کو اقتدار میں آنے سے روکنے کیلئے اور اس کے لیڈران اور کارکنان کو نشانہ بنانے کیلئے بی جے پی کے اقتدار والی حکومت ای ڈی، سی بی آئی اور آئی ٹی کا استعمال کر رہی ہے۔
انہوں نے کانگریس کے حوالے سے کہا کہ پھر بھی ہم ڈرنے والے نہیں ہیں۔کانگریس کھڑی رہے گی اور بھوپیش بگھیل دوسری مرتبہ وزیر اعلیٰ کا عہدہ سنبھالیں گے۔اعلیٰ کمان جو بھی فیصلہ کرے گی وہ ہوگا۔ہم اپنے وعدوں کو پورا کریں گے جیسا ہم نے پچھلی مرتبہ کیا تھا۔