کرناٹک میں بی جے پی نے کیا ایم ایل سی امیدواروں کے ناموں کا اعلان
بنگلورو،12/مئی (ایس او نیوز /ایجنسی) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے کرناٹک میں 3 جون کو ہونے والی 6 میں سے پانچ قانون ساز کونسل سیٹوں کے لیے اپنے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے۔ پارٹی نے ہفتہ کو جاری ایک بیان میں اپنے اتحادی جنتا دل (سیکولر) کو ایک نشست الاٹ کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔ 21 جون کو موجودہ اراکین کی ریٹائرمنٹ کے بعد آنے والی آسامیاں پیدا ہوں گی۔
بی جے پی نے آئندہ انتخابات کے لئے کرناٹک نارتھ ایسٹ گریجویٹ حلقہ سے امرناتھ پاٹل، کرناٹک ساؤتھ ویسٹ گریجویٹ حلقہ کے لیے ڈاکٹر دھننجے سرجی، بنگلورو گریجویٹ حلقہ کے لیے اے دیوے گوڑا، ساؤتھ ایسٹ ٹیچرس حلقہ کے لیے وائی اے نارائن سوامی اور ساؤتھ ٹیچر حلقہ کے لئے ای سی ننگراجو کو امیدوار بنایا ہے۔
پارٹی نے ساؤتھ ویسٹ ٹیچرس انتخابی حلقہ اپنے اتحادی جے ڈی ایس کے لیے چھوڑ دیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ الیکشن کمیشن نے انتخابات کے لیے پہلے ہی نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے اور کاغذات نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 16 مئی اور کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 20 مئی مقرر کی ہے۔ ووٹنگ 3 جون کو شیڈول ہے جب کہ ووٹوں کی گنتی 6 جون کو ہوگی۔