بھٹکل 13/فروری (ایس او نیوز) یونیورسٹی سطح پر بھٹکل انجمن کی طالبات کا رینک حاصل کرنے کا سلسلہ جاری ہے اور اس بار چار طالبات نے یونیورسٹی سطح پر رینک حاصل کرتے ہوئے شہرِ بھٹکل کا نام روشن کردیا ہے۔
انجمن کالج فور ویمن بھٹکل کی پرنسپال رئیسہ شیخ نے پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے بتایا کہ کرناٹکا اسٹیٹ اکّا مہادیوی ویمن یونیورسٹی وجئے پورا کی جانب سے ٹاپرس کی جو لسٹ جاری کی گئی ہے، اُس میں انجمن کالج فور ویمن کے بی کام شعبہ کی تین طالبات اور بی اے شعبہ سے ایک طالبہ رینک حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہیں۔
بی کام میں نِمرہ بنت ندیم احمد شاہ بندری نے 96.34 فیصد مارکس حاصل کرتے ہوئے پوری یونیورسٹی میں ٹاپ کیا ہے، سمن بنت امیر 93.30 فیصد کے ساتھ ساتواں رینک اور فاطمہ صباح بنت محی الدین دامدا 92.65 فیصد کے ساتھ دسواں رینک حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہیں۔
شعبہ بی اے میں نُسینہ بنت الطاف حُسین کوبٹے نے88.62 فیصد مارکس کے ساتھ یونیورسٹی سطح پر آٹھواں رینک حاصل کیا ہے۔
انجمن طالبات کی اِس اہم کامیابی پر انجمن کے سرپرست ڈاکٹر ایس ایم سید خلیل الرحمن سمیت انجمن کے صدر ایڈوکیٹ مزمل قاضیا، جنرل سکریٹری جناب صدیق اسماعیل، ایڈیشنل سکریٹری جناب اسحاق شا بندری، انجمن بورڈ سکریٹری فور یوجی اینڈ پی جی ڈاکٹر ایس ایم سید سلیم سمیت دیگر اراکین انتظامیہ اور ذمہ داران نے چاروں طالبات کو مبارکباد پیش کرنے کے ساتھ ساتھ انجمن پرنسپال اور تمام ٹیچنگ اسٹاف کو بھی مبارکباد پیش کی ہے۔