سورنا نیوز چینل پر مسلمانوں کی نشاندہی پاکستانی پرچم سے کرنے پر چینل اور اینکر کے خلاف کارروائی کا مطالبہ ؛ اے پی سی آر نے اسسٹنٹ کمشنر سے کی شکایت
بینگلور، 12/مئی (ایس او نیوز /ایجنسی) کنڑا نیوز چینل ایشیاء نٹ سورنا ٹی وی پر وزیر اعظم کی اقتصادی مشاورتی کونسل (EAC-PM) کی طرف سے جاری کردہ آبادی کی رپورٹ پر تبادلہ خیال کرنے کے دوران چینل پر ہندو آبادی کی نمائندگی کے لیے ہندوستانی پرچم اور مسلمانوں کی نمائندگی کے لیے پاکستانی پرچم دکھائے جان کو لے کر ایک طرف اسوسی ایشن فور پروٹیکشن آف سیول رائٹس (اے پی سی آر) نے نیوزچینل سمیت نیوز اینکر اجیت ہنومکنّاور کے خلاف بنگلورو کے اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس سے شکایت کی ہے اور تحریری کمپلینٹ میں ان کے خلاف فرقہ وارانہ منافرت پھیلانے کا الزام عائد کرتے ہوئے قانونی کاروائی کا مطالبہ کیا ہے وہیں دوسری طرف سی پی آئی ایم کرنا ٹک کی ریاستی کمیٹی کے رکن منیر کاٹی پالیانے سورنا نیوز چینل اور اس کے نفرت پھیلانے والے اینکر کے خلاف غداری ، اندرونی بغاوت ، خانہ جنگی پر اکسانے کی دفعات کے تحت معاملہ درج کرکے سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ سورنا نیوز چینل نے 9 مئی کو نشر کئے گئے ایک پروگرام کے دوران مسلمانوں کی نشاندہی کے لئے پاکستانی جھنڈا شو کیا تھا جس پر ریاست بھرکے مسلمانوں میں سخت ناراضگی پائی جارہی ہے، اس تعلق سے سورنا نیوز چینل کے اینکر نے پاکستانی جھنڈے کے استعمال کو غلطی سے سرزد ہونے والا عمل قرار دیا، جس پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے منیر کاٹی پلیا نے اخباری بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ سورنا نیوز چینل کے اینکر اجیت ہنومکنآور کو معلوم ہونا چاہئے کہ یہ غلطی سے کی گئی غلطی نہیں ہے، یہ ایسی چیز نہیں ہے جس پر پچھتاوا کر کے چھوڑ دیا جائے ۔ ہندوستانی مسلمانوں کی نشاندہی کے لئے ’’پاک پرچم‘‘ اور ہندوؤں کی نشاندہی کے لئے ہندوستانی قومی پرچم لگانا نہ صرف آپ کی (سورنا واہنی اور اجیت ) کی تنگ ذہینت کا اظہار ہے بلکہ آپ کے تعصب اور فرقہ واریت کانفرت آمیز رویہ کی بھی علامت ہے ۔ یہ بدنیتی پر مشتمل غلطی ہے ۔ جس کی تلافی صرف زبانی معافی سے ممکن نہیں ہے۔ یہ ہندوستانی مسلمانوں پر ہونے والی منظم سازش کا حصہ ہے۔
منیر کاٹی پالیا نے متعصب نیوز چینل پر برہمی ظاہر کرتے ہوئے میڈیا کی اس حرکت پرکہا کہ اس طرح کی سازشی خبروں سے ہندوستان بری طرح چھلنی ہوگیا ہے۔ انہوں نے ذرائع ابلاغ کو نصحیت کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا کو میڈیا ہی بن کر رہنا چاہئے نہ کہ کوئی سازشی گروہ جو غریبوں کا خون بہائے۔ ریاستی حکومت پر انہوں نے زور دیا کہ وہ اس معاملہ کو صرف اظہار افسوس پر ختم نہ کرے۔بلکہ سورنا نیوز چینل اور اس کے نفرت پھیلانے والے اینکر کے خلاف غداری ، اندرونی بغاوت ، خانہ جنگی پر اکسانے جیسی دفعات کے تحت سخت قانونی کارروائی کی جائے۔