سواتی مالیوال معاملے کو آپ‘ نےجھوٹ اور سازش قرار دیا
نئی دہلی، 18/مئی (ایس او نیوز /ایجنسی) عام آدمی پارٹی کی رکن پارلیمان سواتی مالیوال کی جانب سے کیجریوال کے پرسنل سیکریٹری ویبھوکے خلاف مبینہ بدسلوکی اور تشدد کی شکایت درج کرانے کے بعد دہلی پولیس نے تفتیش شروع کردی ہے۔ دہلی پولیس نےجمعرات کو سواتی کا میڈیکل چیک اپ کروایا اور جمعہ کو انہیں لے کر کیجریوال کے گھر گئی۔ یہاں پولیس نے سواتی کی شکایت کی بنیاد پر ہونیوالے معاملے کو ’رِی کریئیٹ(علامتی طور پر دہرایا)‘ کیا۔ سواتی نے الزا م لگایا ہے کہ ۱۳؍ مئی کی صبح جب وہ اروندکیجریوال سے ملاقات کیلئے ان کی رہائش گاہ پر انتظار میں بیٹھی ہوئی تھیں تب کیجریوال کے پرسنل سیکریٹری ویبھوکمار نے ان کے ساتھ بدتمیزی کی اوربعد میں انہیں پیٹا اور کپڑے پھاڑے۔ ۱۶؍مئی کو پولیس نے سواتی کا بیان درج کیا اوربعد ازیں ایف آئی آر درج کی۔ رپورٹ کے مطابق رکن پارلیمان سواتی مالیوال نے مذکورہ معاملے میں دہلی کی تیس ہزاری کورٹ میں جمعہ کو مجسٹریٹ کے روبرو اپنا بیان درج کروایا ہے۔
اس درمیان مذکورہ معاملے کا ایک ویڈیو سامنے آیا ہے جس میں سواتی سیکوریٹی اہلکاروں کے ساتھ بحث کرتی ہوئی نظر آرہی ہیں۔ اس میں اہلکار مہذب انداز میں پیش آرہے ہیں۔ حالانکہ ابھی تک اس ویڈیو کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مالیوال ایک ہال کے اندر بیٹھی ہیں جہاں کچھ سیکورٹی اہلکار انہیں باہر جانے کے لیے کہہ رہے ہیں۔ مالیوال یہ کہتے ہوئے ناراض ہیں کہ انہوں نے دہلی پولیس کو بلایا ہے۔ پولیس کے آنے کے بعد وہ یہاں سے چلی جائیں گی۔
اس ویڈیو کے سامنے آنے کے بعد سواتی مالیوال نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ پر ان کے ساتھ بدسلوکی کے ملزم کو بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے، لیکن وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ کے اندر موجود سی سی ٹی وی فوٹیج کی تحقیقات ہوتے ہی حقیقت سب کے سامنے آجائے گی۔ مالیوال نے کہا کہ اس واقعے کی ایک نامکمل ویڈیو پوسٹ کرکے جرم کے مرتکب کو بچانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر بار کی طرح اس بار بھی اس سیاسی ہٹ مین نے خود کو بچانے کی کوشش شروع کر دی ہے۔ سیاق و سباق کے بغیر آدھی ویڈیو چلا کر، یہ سوچتا ہے کہ اس جرم کے ارتکاب سے وہ خود کو بچا لے گا۔ کیا کوئی کسی کو مارنے کی ویڈیو بناتا ہے؟ گھر کے اندر کی سی سی ٹی وی فوٹیج اور کمرے کی جانچ پڑتال کے بعد حقیقت سب کے سامنے آجائے گی۔
خواتین سے متعلق قومی کمیشن نے راجیہ سبھا کی رکن سواتی مالیوال پر حملہ کرنے والےملزم ویبھو کمار کے گھر پر نوٹس چسپاں کیا ہے اور انہیں ہفتہ کے روز وقت پر کمیشن کے سامنے حاضر ہونے کو کہا ہے۔ خواتین کمیشن نے کہا کہ کمیشن کے اہلکار اور دہلی پولیس کے اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس جمعہ کو ویبھو کمار کے گھر گئے اور انہیں نوٹس دیا۔ کمیشن نے کہا کہ گھر پر موجود افراد نے نوٹس لینے سے انکار کر دیا۔ اس کے بعد وومن کمیشن کے اہلکاروں نے یہ نوٹس ویبھو کمار کے گھر کے باہر چسپاں کر دیا۔ نوٹس میں وزیراعلیٰ کے پرائیویٹ سیکریٹری کو۱۸؍ مئی کو کمیشن کے سامنے پیش ہونے کو کہا گیا ہے۔
مالیوال بی جے پی کی سازش کا مہرہ بن گئیں : آپ
عام آدمی پارٹی (آپ) نے جمعہ کو پارٹی کی رکن پارلیمنٹ سواتی مالیوال کی طرف سے وزیر اعلیٰ کیجریوال کے پرسنل سکریٹری ویبھو کمار کے خلاف لگائے گئے الزامات کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی نے انہیں (مالیوال کو ) سازش کا پیادہ بنایا ہے۔ آپ کی لیڈر اور دہلی حکومت کی وزیر آتشی نے جمعہ کو کہا جب سے کیجریوال کو ضمانت ملی ہے، بی جے پی گھبراہٹ میں ہے اور اسی وجہ سے اس نے ایک سازش رچی ہے۔ سواتی مالیوال کو۱۳؍ مئی کی صبح اسی لئے بھیجا گیا تھا۔ سواتی مالیوال بی جے پی کی سازش کا مہرہ ہیں۔ ان کا مقصد وزیر اعلیٰ پر الزام لگانا تھا۔ وزیر اعلیٰ اس وقت موجود نہیں تھے اسلئے وہ بچ گئے۔ پھر انہوں نے ویبھو کمار پر الزامات لگادیئے۔ آتشی نے کہا کہ آج وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ کا ایک ویڈیو منظر عام پر آیا ہے اور اس ویڈیو نے مالیوال کے جھوٹ کو بے نقاب کر دیا ہے۔