جنوبی کینرا میں تین دنوں تک عمر رسیدہ افراد ، جسمانی معذورین ڈاک کے ذریعے کر سکیں گے ووٹنگ
منگلورو ، 15 / اپریل (ایس او نیوز) پارلیمانی الیکشن کے جنوبی کینرا حلقے میں تین دنوں کے لئے جسمانی معذورین اور عمر رسیدہ افراد کو اپنے گھر سے ڈاک کے ذریعے ووٹنگ کرنے کا موقع فراہم کیا جا رہا ہے ۔
ضلع ڈپٹی کمشنر مولئی موہیلن نے بتایا کہ اس وقت ضلع دکشن کنڑا میں 6,053 سینئر سٹیزنس اور 1,957 جسمانی طور پر معذور ووٹرس موجود ہیں ۔ ڈاک سے اپنا ووٹ ڈالنے کی سہولت ایسے بزرگ افراد کو دی جاتی ہے جن کی عمر 85 سال سے زائد ہو اور ایسے افراد جن کی جسمانی معذوری 40 فی صد سے زائد ہو ۔
پوسٹل بیلٹ پیپر ایسے ووٹرس تک پہنچانے کے لئے پولنگ افسران کی ٹیم تشکیل دی گئی ہے ۔ پوسٹل ووٹنگ کا سلسلہ 15 اپریل سے 17 اپریل تک چلے گا ۔ مختلف علاقوں کے لئے الگ الگ شیڈول بنائے گئے ہیں جس کے تحت افسران متعلقہ ووٹرس کے گھر تک پہنچ کر یہ کارروائی انجام دیں گے ۔