سداپور میں 65 سالہ خاتون ہوئی 'بندر بخار' کا شکار
سداپور 23 فروری (ایس او نیوز) سداپور تعلقہ میں 'بندر بخار' کی وباء سے پریشان عوام کی تشویش میں مزید اضافہ اس وقت ہوا جب یہاں ایک 65 سالہ خاتون اس مرض کی وجہ سے موت کا شکار ہوگئی ۔
بندروں کی وجہ سے پھیلنے والی اس بیماری کو 'کے ایف ڈی' (کیاسانور فاریسٹ ڈیسیز) کہا جاتا ہے جس کا شکار پچھلے دنوں سداپور تعلقہ کے جیڈی کی رہنے والی یہ 65 سالہ خاتون ہوئی تھی جس کے علاج کے لئے اُسے منی پال روانہ کیا گیا تھا ۔ وہاں صحت میں سدھار نظر آنے پر اسے واپس گھر لایا گیا تھا ۔ دوبارہ صحت خراب ہونے پر مذکورہ خاتون کو ساگر کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں داخل کیا گیا مگر علاج کار گر نہ ہونے سے اس کی موت واقع ہوگئی ۔
اطلاع ملنے پر محکمہ صحت کے افسران اور اہلکاروں نے متوفیہ کے گھر پہنچ کر جائزہ لیا اور معلومات اکٹھا کر لی گئی ۔ پتہ چلا ہے کہ اب تک اس علاقے میں کے ایف ڈی کے 43 معاملے سامنے آئے ہیں اور اس مرض کی وجہ سے یہ پہلی موت واقع ہوئی ہے ۔