غزہ کیلئے لندن میں تاریخی مارچ، نئی حکومت پر دباؤ، انتخابی نتائج کو نسل کشی کے خلاف برطانوی عوام کا فیصلہ قراردیاگیا

Source: S.O. News Service | Published on 8th July 2024, 11:37 AM | عالمی خبریں |

لندن، 8/جولائی (ایس او نیوز /ایجنسی) لندن میں  نئی حکومت کے تشکیل پاتے ہی دسیوں ہزار افراد نے ’’قومی مارچ برائے فلسطین‘‘ کا انعقاد کرکے اس پر دباؤ ڈالا کہ وہ غزہ میں  فلسطینی شہریوں  کی نسل کشی کو روکنے کیلئے اسرائیل کو اسلحہ کی فراہمی بند کرے اور فوری جنگ بندی کی کوشش کرے۔ ’پالیسٹائن سولیڈیریٹی کیمپین‘ ـ( پی ایس سی) کے بینر تلے سنیچر کی دوپہر کو دسیوں  ہزار افراد رسیل اسکوائر پر اکٹھا ہوئے اور پارلیمنٹ اسکوائر تک مارچ کیا۔ یہ مارچ جو غزہ پر اسرائیلی حملوں   کے ۹؍ ماہ مکمل ہونے کے موقع پر منعقد کیاگیا، برطانیہ میں  فلسطین کیلئے ہونے والے اب تک کے سب سے بڑے مارچ میں  سے ایک ہے۔ 

 مارچ میں  شامل مظاہرین سے برطانوی پارلیمنٹ کے قریب برطانیہ میں  فلسطینی سفارتکار ہشام ایس زوملوٹ نے بھی خطاب کیا۔ انہوں  نےکیئر اسٹارمر کی قیادت میں نومنتخب لیبر حکومت کو باور کرایا کہ انتخابی نتائج دراصل غزہ میں  نسل کشی کے خلاف فلسطینی عوام کا فیصلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’برطانوی شہریوں نے نسل کشی کے خلاف فیصلہ سنایا ہے۔ نئی حکومت کو چاہئے کہ وہ ان کی بات کو سنیں۔ اسے فوری طور پرفلسطین کو علاحدہ ریاست کے طور پرتسلیم بھی کرلینا چاہئے۔ ‘‘ مقررین میں  اِسلنگٹن نارتھ پارلیمانی حلقہ سے جیتنے والے فلسطین حامی لیڈرجیرمی کوربن بھی تھے۔ انہوں   نے کہا کہ ’’ہم نے ٹوریز(سابقہ کنزریٹیو حکومت) سے بھی کہاتھا اور اب ہم لیبر سےبھی یہی بات کہیں گے کہ اسرائیل کو ہتھیار فروخت کرنے والی حکومت انسانیت کے خلاف جرائم میں   برابر کی شریک ہے۔ ‘‘انہوں  نے نشاندہی کی کہ برطانیہ کے پارلیمانی الیکشن میں فلسطین اہم موضوع تھا اور وہ نتائج پر بھی اثر انداز ہوا ہے۔ 

 مظاہر میں شامل فلسطینی ڈاکٹر غسان ابوستہ نے اسرائیل کی ظالمانہ بمباری کے آگے سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح ڈٹے رہنے اور غزہ خالی نہ کرنے والے فلسطینی شہریوں  کی مزاحمت اور بہادری کو سلام کرتے ہوئے کہا کہ’’ہم ۹؍ مہینے سے جاری بہادری کا بھی یہاں  جشن مناتے ہیں۔ ۹؍ ماہ سے امریکہ نے، برطانیہ نے اور دیگر ملکوں   نے اسرائیل کو جوکچھ بھی فراہم کیا فلسطینی عوام نے اس کا بہادری سے سامنا کیا ہے۔ ‘‘

  اُدھر غزہ میں  اسرائیلی حملوں کے ۹؍ ماہ مکمل ہونے کے موقع پر صہیونی حکومت کے طیاروں نے شام ہوتے ہوتے اچانک پورے غزہ پر حملے تیز کردیئے ہیں۔ اتوار کو پھر ا وسطی غزہ میں  اسرائیل نے اقوام متحدہ کے شیلٹر کو نشانہ بنایاجس میں   ۱۶؍ جاں  بحق ہوگئے۔ اس کے علاوہ شام کو دیر البلح  کے قریب بمباری میں  ۶؍ افراد جاں  بحق ہوئے ہیں۔ شمالی شہر المینا میں  اسرائیلی بمباری کے بعد عمارت سے مزید لاشیں  برآمد ہوئی ہیں۔ جنوب میں۳؍ ایسی لاشیں  ملی ہیں جن کے ہاتھوں  پر ہتھ کڑی لگی ہوئی تھی۔  

ایک نظر اس پر بھی

غزہ کا جاری بحران مستقبل کی کئی نسلوں کی ترقی کو متاثر کر سکتا ہے: اقوام متحدہ کا انتباہ

اقوام متحدہ کی تازہ ترین رپورٹ میں انتباہ دیا گیا ہے کہ غزہ میں جاری جنگ کے سنگین انسانی اثرات نے فلسطینی علاقے میں ترقی کی راہوں کو تقریباً سات دہائیوں سے روک رکھا ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق، یہ بحران نہ صرف غزہ بلکہ کئی نسلوں تک فلسطینیوں کی ترقی کو شدید خطرات میں مبتلا کر سکتا ہے۔

حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان جھڑپوں میں لبنان میں ہلاکتوں کی تعداد 1,552 تک پہنچ گئی

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کی جانب سے شائع کردہ ایک رپورٹ کے مطابق، 23 ستمبر کو اسرائیل کی جانب سے لبنان میں فضائی حملوں کی شدت میں اضافہ کرنے کے بعد سے اب تک کم از کم 1,552 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ لبنانی وزارت صحت نے پیر کے روز بتایا کہ ایک ہی دن میں اسرائیلی حملوں میں 63 ...

میکسیکو میں پولیس کارروائی: 19 منشیات فروش ہلاک، ایک سرغنہ گرفتار

میکسیکو کی ریاست سینالوا میں پولیس اور بین الاقوامی منشیات فروش گروہ کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ اس تصادم کے نتیجے میں 19 منشیات فروش ہلاک ہوئے جبکہ پولیس نے ایک سرغنہ کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کی۔

غزہ: اسرائیل کے حملوں نے طبی نظام کو تباہ کر دیا، المیزان سینٹر برائے انسانی حقوق کی رپورٹ

غزہ میں فعال تنظیم، المیزان سینٹر برائے انسانی حقوق نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل کا شمالی غزہ میں موجود تین فعال اسپتالوں کو نشانہ بنانا ایک منظم اور منصوبہ بند مہم کا حصہ ہے، جس کا مقصد غزہ کے طبی نظام کو ختم کرنا ہے۔ المیزان سینٹر کے مطابق، اسرائیلی فوج اس وقت شمالی غزہ کے ...

حزب اللہ کا ڈرون نیتن یاہو کے بیڈروم تک پہنچ گیا، اسرائیلی ایجنسیوں میں بے چینی

اسرائیل کی حماس اور حزب اللہ کے ساتھ جاری جنگ مسلسل شدت اختیار کر رہی ہے۔ اس شدید تنازعے میں چند مہینوں کے اندر ہی خطے میں ہزاروں بے گناہ افراد کی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔ حماس اور حزب اللہ نے اسرائیل کے خلاف طاقتور حملے شروع کر دیے ہیں، جس کی وجہ سے جنگ بندی کے امکانات میں کمی ...

امریکہ: صدارتی انتخابات میں امریکی عربوں کے لیے فلسطین سب سے اہم مسئلہ: سروے

عرب نیوز ریسرچ اینڈ اسٹڈیز کے زیر اہتمام کیے گئے "یوگوو" سروے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ آنے والے صدارتی انتخابات میں 87 فیصد امریکی عرب ووٹ ڈالنے کے لیے تیار ہیں، جبکہ ڈونالڈ ٹرمپ کو اپنی حریف کملا ہیریس پر 2 فیصد کی برتری حاصل ہے۔ سروے کے نتائج کے مطابق فلسطین کا مسئلہ سرفہرست ...