بھٹکل میں نامدھاری کانگریس لیڈران کی اہم میٹنگ : کانگریس کو جیت دلانے آراین نائک کی اپیل

Source: S.O. News Service | By Abu Aisha | Published on 22nd April 2018, 11:36 PM |

بھٹکل:22/اپریل (ایس او نیوز)مرکزی وزیرا ننت کمار ہیگڈے دستور بدلنے کی بات کہہ چکے ہیں، ان کایہ بیان مستقبل میں پسماندہ طبقات کے لئے جینا دوبھر کردے گا، راجا کی بات سن کر ہمارے اپنے ہی اپنوں کے خلاف گلا کاٹنے کا خدشہ ہے، ان حالات کے پیش نظر بھٹکل میں نامدھاری سمیت تمام پسماندہ طبقات کے لئے ضروری ہے کہ وہ دستور کی حفاظت کے لئے کانگریس امیدوار منکال وئیدیا کو ووٹ دے کر اسے کامیاب کریں۔ اس بات کی اپیل سابق وزیر آر این نائک نے کی۔

وہ یہاں سنیچر کو رائل اوک ہوٹل میں بھٹکل ہوناور ودھان سبھا حلقہ کے سینکڑوں کانگریسی نامدھاری طبقات کے لیڈران کی میٹنگ میں خطاب کر رہے تھے۔ سابق وزیر نےکہاکہ ہماری قوم کے نوجوانوں کو معلوم ہونا چاہئے کہ ہم سابق میں کیسے تھے ، معمولی مزدور ی کرنے والوں کو کانگریس کے دیوراج ارس نے زمینات عطیہ میں دیں، آج بھی ہم میں خود مختاری ہے، نامدھاری طبقہ کبھی ذات پات میں شامل نہیں ہوا ہے ، یہ بھی نہ بھولیں کہ ماضی میں صرف ڈاکٹر یو چترنجن ہی نہیں ، اس سے قبل جالی ستگی سمیت دیگر طبقات کو بھی ہم نے ووٹ دیاہے۔ لیکن وقت سے سمجھوتا کرتےہوئے ہمارے سماج کے لوگوں نے اننت کمار ہیگڈےکو ووٹ دے کر دیکھ لیا، مگر اس کے بعد کس طرح کے حالات پیش آئے یہ سبھی اچھی طرح جانتے ہیں۔ آج وہی لوگ ہمارے دستوری حقوق کے متعلق بات کررہے ہیں، انہوں نے متنبہ کیا کہ ہمارے سماج کے لوگوں کو جان لینا چاہئے کہ اگر دستور نہ ہوتا تو ہمارے سماج کے لوگ نہ ایم ایل اے  بن پاتے اور نہ ہی ہمیں کچھ پانے کا اختیار ہوتا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ  انسانی سوچ رکھنے والے منکال وئیدیا کی حمایت میں ہمیں کھڑا ہونا ہے۔ کانگریس ٹکٹ کا فائدہ اٹھا کر ہمیں مرکز میں منووادیوں کے خلاف راہول گاندھی کو قوت پہنچانا ہے۔

اجیرے شری رام اکھشتر کے ٹرسٹی جے این نائک (بابوماسٹر) نے نامدھاری لیڈران سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کانگریس کو مٹانا کسی کے بس کی بات نہیں ہے ،انہوں نے کہا کہ منکال وئیدیا ہمیشہ غریبوں اور لاچاروں کی فکر کرنے والا اور ان کی مدد کرنے والا شخص ہے اور ہمہشہ تعلیم کو ترجیح دیتا آ یا ہے۔ بابو ماسٹر نے تمام سے اپیل کی کہ ہمارا انتخاب منکال وئیدیا ہی ہونا چاہئے۔ وکیل سنتوش نائک نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ منکال وئیدیا نے ثابت کردیا ہے کہ جو اخلاق والے ہوتے ہیں وہ کسی تعصب کا شکار نہیں ہوتے ۔جو بھی ان کے گھر پہنچتا ہے وہ کسی بھی ذات پات کا ہو،اور کسی بھی پارٹی کاہو، وہ ہرغریب کی مدد کرتے ہیں۔ مزید کہا کہ ہمیں اس بار یہ ثابت کرنا ہے کہ نامدھاریوں کو کوئی بھی پارٹی اور امیدوار خرید نہیں سکتا۔

بلاک کانگریس صدر وٹھل نائک نے افتتاحی کلمات پیش کرتے ہوئے کہاکہ منکال وئیدیا نے اقتدار کو لامرکزیت کرتے ہوئے ہمارے سماج کے ہی زیادہ لیڈران کو اقتدار سونپاہے۔ تفصیلات فراہم کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھٹکل تعلقہ پنچایت صدر، اسٹانڈنگ کمیٹی چیرمن، اے پی ایم سی ، تعلقہ کے 7گرام پنچایتوں کے صدور، جالی پنچایت میں نائب صدر، مختلف بورڈ میں ڈائرکٹر کا مقام آ ج نامدھاری سماج کے لوگوں کو حاصل ہے۔ اور یہ سب کچھ منکال وئیدیا کے سکیولر ہونے کی دلیل ہیں۔ ویٹھل نائک نے زور دے کر کہا کہ ہمیں اس وقت ان کی حمایت میں کھڑا ہونا چاہئے۔ شری دھرنائک آسارکیری ، ایس ایم نائک اور جگدیش نائک نے بھی اس موقع پر اپنے اپنے تاثرات پیش کئے۔