پہلا ون ڈے: زمبابوے کی شاندار کارکردگی، پاکستان کو 80 رنز سے شکست
بلاوائیو ، 25/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی)206 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے پاکستان کی ٹیم نے 6 وکٹوں پر 60 رنز بنائے تھے کہ بارش کی مداخلت کے باعث میچ کو روکنا پڑا۔
بارش نہ رکنے پر زمبابوے نے یہ میچ ڈی ایل ایس قانون کے تحت 80 رنز سے جیت لیا۔
بارش سے قبل پاکستان نے 21 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 60 رنز بنائے تھے، محمد رضوان 19 اور عامر جمال بغیر کوئی رن بنائے کریز پر موجود تھے۔
پاکستان نے ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ شروع کی تو اوپنر عبداللہ شفیق 11 کے مجموعی اسکور پر وکٹ گنوا بیٹھے جبکہ صائم ایوب 17 کے اسکور پر آؤٹ ہوگئے۔ عبداللہ شفیق نے ایک رن اور صائم ایوب نے 11 رنز بنائے۔
کامران غلام 17، سلمان آغا 4، عرفان خان 7 اور حسیب اللہ خان صفر پر آؤٹ ہوئے۔
بلاوائیو میں کھیلے گئے میچ میں سیریز کے پہلے ون ڈے میچ میں زمبابوے کے اوپنرز نے جارحانہ کھیل پیش کرنے کی کوشش کی تاہم 40 کے مجموعی اسکور پر جویلورڈ گمبی 15 کے انفرادی اسکور پر عبداللہ شفیق کے ہاتھوں رن آؤٹ ہوگئے جبکہ ڈیون مائرز 8 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔
کپتان کریگ ایروائن 6 اور تادیوانشے مارومانی 29، شان ولیمز 23، برائن بینیٹ 20، برینڈن ماوتا ایک جبکہ بلیسنگ مزربانی صفر پر پویلین لوٹ گئے۔ آٹھویں وکٹ کی شراکت میں سکندر رضا اور رچرڈ نگروا نے 62 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم رضا 39 رنز بناکر فیصل اکرم کا شکار بنے۔
رچرڈ نگروا نے ٹیم کیلئے 48 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی جس میں 5 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
پاکستان کی جانب سے سلمان آغا اور فیصل اکرم نے 3، 3 جبکہ حارث رؤف، عامر جمال اور محمد حسنین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا، انکا کہنا تھا کہ کوشش کریں میزبان ٹیم کو کم ازکم اسکور پر آؤٹ کریں اور دورے کا فاتحانہ آغاز کریں۔
اس موقع پر زمبابوین ٹیم کے کپتان کریگ ایروائن نے کہا کہ ہوم گرؤنڈ پر پاکستان کیخلاف جیت کیلئے پُرعزم ہیں۔