منگلورو : ٹرین کی زد سے بکری کو بچانے کی کوشش ۔ نوجوان گنوا بیٹھا اپنے دونوں پیر
منگلورو 30/ اگست (ایس او نیوز) بے زبان جانوروں پر رحم کرنے کا جذبہ ایک نوجوان پر اس قدر بھاری پڑگیا کہ اسے اپنے پیر گنوانے پڑے، واردات مینگلور کے جوکٹے کےقریب پیر کو پیش آیا جب ایک تیز رفتار ٹرین کی زد میں آنے سے بکری کو بچانے کی کوشش میں اس کے دونوں پیر ٹرین کے نیچے آکر کٹ گئے ۔ نوجوان کی شناخت چیتن کمار کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ چیتن نے جب دیکھا کہ ایک چھوٹی سی بکری ٹرین کی پٹری کے ساتھ بھاگ رہی ہے اور دوسری طرف سے ٹرین تیز رفتاری کے ساتھ آرہی ہے جس کی وجہ سے بکری کا ہلاک ہونا یقینی ہے تو اس نے دوڑ کر بکری کو ٹرین سے بچانے کی کوشش کی ۔ لیکن بد قسمتی سے ٹرین خود چیتن کے دونوں پیروں پر سے گزر گئی جس کی وجہ سے وہ کٹ گئے ۔
چیتن کو شدید زخمی حالت میں ایک نجی ہاسپٹل میں داخل کیا گیا ہے جہاں ڈاکٹروں نے معائنہ کے بعد بتایا کہ کچھ دنوں بعد اس کا صرف ایک پاوں جوڑنے کی کوشش کی جا سکتی ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ چیتن اپنے خاندان کے لئے روزی روٹی کمانے والا اکیلا فرد ہے ،اور وہ اس غیر متوقع صورتحال سے بہت ہی زیادہ پریشان ہوگیا ہے۔