بھٹکل 18 جنوری (ایس او نیوز) بائک چلانے والے بالخصوص رات کے اوقات میں بائک پر بیٹھنے سے پہلے ہوشیار رہیں، ہینڈل کے آس پاس کہیں پر بھی چھوٹا مگر زہریلا سانپ رہ سکتا ہے جو ہینڈل پر ہاتھ رکھتے ہی آپ کو ڈس سکتا ہے۔
یہ بات اس لئے کہنی پڑرہی ہے کیونکہ کل اتوار دیر رات اسی طرح کا ایک واقعہ نوائط کالونی میں پیش آیا ہے جب ایک نوجوان دیر رات پارٹی سے فارغ ہونے کے بعد جیسے ہی بائک پر بیٹھ کر چابی گھمانے کی کوشش کی، اچانک ایک چھوٹا مگر زہریلا سانپ حملہ آور ہوگیا اور ہاتھ کو ڈس لیا۔ زخمی نوجوان کی شناخت عمار گوائی (36) کی حیثیت سے کی گئی ہے جسے منی پال لے جایا گیا ہے۔
پتہ چلا ہے کہ الاایمان کرکٹ ٹیم کے کپتان عمار اتوار دیر رات قریب گیارہ ۔ بارہ بجے نوائط کالونی وائی ایم ایس اے میدان میں منعقدہ ایک پارٹی سے فارغ ہونے کے بعد اسٹڈیم کے باہر درخت کے نیچے رکھی ہوئی اپنی بائک پر بیٹھ گئے، پھر جیسے ہی چابی لگائی، ہینڈل میں کہیں سانپ چھپا ہوا تھا جو رات کے اندھیرے میں نظر نہیں آیا اچانک ہاتھ کو ڈس لیا، اچھا ہوا کہ عمار کے ساتھ ایک ساتھی بھی تھا۔ سانپ کے ڈستے ہی عماّر کو فورا سرکاری اسپتال لے جایا گیا مگر بتایا گیا ہے کہ وہاں ضروری دوائیں نہ ہونے پر نجی اسپتال لے جایا گیا، پھر وہاں سے راتوں رات ہی منی پال اسپتال منتقل کیا گیا۔
بتایا گیا ہے کہ عمّار کی حالت اب قدرے بہتر ہے۔