الال پولیس نے کلّیریا نگر ساحل پر مردہ حالت میں پائی گئی خاتون کی شناخت کرلی
منگلورو26/اگست (ایس او نیوز) الال پولیس اسٹیشن کے حدود میں کلّیریا نگرساحل پر24اگست کو ایک نامعلوم خاتون کی لاش برآمد ہوئی تھی۔ پولیس نے تحقیقات کے بعد ایک دن کے اندر ہی اس اجنبی خاتون کی شناخت کرلی ہے۔
پولیس کے بیان کے مطابق ساحل پر مردہ حالت میں پائی گئی خاتون کا نام پریرنا کھینی (23سال) ہے، جو کہ شہر کے اشوک نگر کی رہنے والی تھی۔ پریرنا اشوک کھینی اور آشا کھینی کی بیٹی ہے جوکہ گوا کے رہنے والے ہیں۔ لیکن گزشتہ ایک سال سے آشا اور پریرنا منگلورو کے اشوک نگرمیں مقیم تھے۔ آشاگھریلو ملازمہ تھی اور پریرنا بے روزگار تھی۔گمان کیا جاتا ہے کہ پریرنا کسی اور مقام پر ندی یا دریا میں کود کر خودکشی کی ہوگی اور پھر اس کی لاش سمندر میں بہتے ہوئے الال کے ساحل تک پہنچ گئی ہوگی۔ بظاہر اس کے جسم پر کسی قسم کے زخم یا چوٹ کے نشان نہیں پائے گئے۔
پولیس نے کیس درج کرلیا اور دیرلکٹے کے کے ایس ہیگڈے ہاسپٹل میں پوسٹ مارٹم کی کارروائی انجام دی گئی۔