بھٹکل 12/ستمبر (ایس او نیوز) ضلع شمالی کینرا میں ابھی دو ایک دن سے برسات کا زور تو کچھ کم ہوا ہے لیکن اس کے نقصان دہ نتائج کا سلسلہ ابھی تھمانہیں ہے۔ اب یلاپور اور اطراف کے باشندوں کے لئے ایک مصیبت پید اہوگئی ہے، کیونکہ یلاپور تعلقہ میں کالی ندی پر تعمیر شدہ کوڈسلّی ڈیم کو قریبی چٹان کھسکنے کی وجہ سے بڑا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔
صورت حال یہ ہے کہ چٹان کھسکنے کی وجہ سے ڈیم کے اوپری حصے کو نقصان پہنچا ہے اور ا س میں کئی جگہوں پرشگاف پیدا ہوگئے ہیں۔اس ڈیم میں 27754.00کیوسیکس پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہے۔ گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران یہاں 20ملی میٹر برسات ہوئی ہے۔ اگر برسات میں مزید اضافہ ہوتا ہے تو ڈیم میں پانی کی سطح اور بڑھ جائے گی اور یہ ایک خطرناک بات ہوسکتی ہے۔
چٹان کھسکنے اور ڈیم کو خطرہ لاحق ہونے کی بات پتہ چلنے پر کرناٹکا پاور کارپوریشن لمیٹیڈ کے افسران نے موقع پر پہنچ کر حالات کا جائزہ لیا۔ اور اس علاقے سے مقامی لوگوں کی آمد ورفت پر پابندی لگادی ہے۔ اس کے علاو ہ ڈیم کو درپیش خطرے کی مکمل تفصیل ڈپٹی کمشنر کو روانہ کرتے ہوئے مناسب اور فوری اقدام کرنے کی مانگ کی گئی ہے۔