نئی دہلی، 17/ اگست (ایس او نیوز /ایجنسی) ہندوستانی پہلوان ونیش پھوگاٹ پیرس سے وطن واپس آگئی ہیں۔ ہفتہ کی صبح ملک واپسی پر دہلی ایئر پورٹ پر ان کا پُرجوش خیرمقدم کیا گیا۔ تمغہ سے محروم ہونے کے باوجود پورے ملک کا دل جیت چکی ونیش کا استقبال خوب ناچ گانے اور ڈھول باجے سے ہوا۔ ہم وطنوں کی اس محبت کو دیکھ کر وہ کافی جذباتی ہوگئیں اور ان کی آنکھوں سے آنسو نکل پڑے۔
اس موقع پر ساتھی پہلوان سے ملاقات کے لیے بجرنگ پونیا اور ساکشی ملک بھی پہنچے۔ ایئر پورٹ کے باہر آنے کے بعد پونیا اور ملک نے ونیش پھوگاٹ سے بات کی اور انہیں تسلی دیتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی۔ ونیش کو بھلے ہی چاندی کا تمغہ یا سونا نہ مل سکا ہو لیکن سی اے ایس میں ہوئی سماعت کے دوران پورا ملک ان کے ساتھ کھڑا تھا، اب اسی انداز میں ہوائی اڈے پر ان کا استقبال ہوا ہے جس طرح کسی گولڈ میڈل فاتح کا ہوتا ہے۔
ونیش پھوگاٹ کی وطن واپسی سے قبل ان کے بھائی ہرندر سنگھ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ "کشتی اور اس کھیل کو پسند کرنے والے سبھی لوگ ایئر پورٹ پر ونیش کا استقبال کرنے آپہنچے ہیں، ہر شعبہ سے ان کا استقبال کرنے کے لیے آ رہے ہیں، گاؤں میں بھی شاندار استقبال کی تیاری کی جا رہی ہے۔" واضح ہو کہ ریسلنگ کے فائنل میں پہنچنے والی ونیش پھوگاٹ پہلی ہندوستانی ریسلر بنی تھیں، لیکن افسوسناک طور پر فائنل مقابلے سے پہلے ان کا وزن 100 گرام بڑھ گیا اور وہ ڈسکوالیفائی ہوکر تمغہ سے محروم ہوگئیں لیکن اب وہ پورے ملک کے لیے قابل تقلید بن گئی ہیں۔