آزادی کپ میں شرکت کیلئے ورلڈ الیون کی ٹیم پاکستان پہنچ گئی
لاہور،11ستمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)آزادی کپ کیلئے ورلڈ الیون کی ٹیم ڈوپلیسی کی قیادت میں علامہ اقبال ائیر پورٹ پہنچ گئی ہے جن میں تین آفلیشلز اور ورلڈ الیون کے کوچ بھی شامل ہیں، ائیرپورٹ پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے عہدیداروں نے کھلاڑیوں کا استقبال کیا جبکہ بڑی تعداد میں شائقین بھی ائیرپورٹ پر کھلاڑیوں کے استقبال کیلئے موجود تھے۔
مزید تفصیلات کے مطابق ائیر پورٹ سے ہوٹل تک سخت سیکیورٹی کے انتظامات کیے گئے ہیں۔کھلاڑیوں میں ورلڈ الیون کے کپتان ڈوپلیسی،ہاشم آملہ، ملر، سیموئل بدری، جارج بیلے، کالنگ وڈ، بین کٹنگ، گرانٹ ایلئٹ، تمیم اقبال، مورکل، ٹم پیش، تھسیراپریا، عمران طاہر اور ڈیرن سیمی شامل ہیں۔
پاکستان میں انٹر نیشنل کرکٹ کا میلہ سجنے میں صرف ایک دن باقی رہ گیا ہے۔واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا میچ 12ستمبر کو کھیلا جائے گا، 13ستمبر کو دوسرا جب کہ 15ستمبر کو تیسرا میچ ہو گاجبکہ ورلڈ الیون کی ٹیم 16ستمبر کو واپس روانہ ہو جائے گی۔