پونے 2/نومبر (ایس او نیوز) ورلڈ کپ کرکٹ کے 32 ویں میچ میں جنوبی افریقہ نے نیوزی لینڈ کو 190 رنوں سے شکست دے کر کرکٹ شائقین میں زبردست جوش بھر دیا بالخصوص کوئنٹن ڈی کاک اور رسی وان ڈیر ڈوسن نے جنوبی افریقہ کے لوگوں میں کرکٹ کی اہمیت دوبالا کردیا۔ جنوبی افریقہ کے بلے بازوں نے اتنی بہترین اور دھواں دار بلے بازی کا مظاہرہ پیش کیا کہ ان کی شاندار سنچریوں کی بدولت ہی نیوزی لینڈ کو 190 رنز سے شکست کھانی پڑی۔
پونے میں کھیلے گئے میگا ایونٹ کے 32 ویں میچ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 358 رنز کے تعاقب میں صرف 36.3 اوورز کا ہی سامنا کرسکی اور پوری ٹیم 167 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی۔ کیویز کی جانب سے گلین فلپس 60 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ جبکہ اوپننگ بیٹر ڈیون کانوے 2، ول ینگ 33، رچن روندرا 9، کپتان ٹام لیتھم 4، ڈیرل مچل 24، مچل سینٹنر 7، ٹم ساؤتھی 7، جیمز نیشم 0 اور ٹرینٹ بولٹ 9 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے کیشو مہاراج نے 4، مارکو جینسن نے 3، جیرالڈ کوٹزے نے 2 جبکہ کیگیسو رباڈا نے ایک ایک وکٹ حاصل کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو جیت دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔
اس سے قبل جنوبی افریقہ کے بلے بازوں نے بھی شاندار اور جارحانہ پرفارمینس پیش کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 357 رنوں کا پہاڑ نیوزی لینڈ کے سامنے کھڑا کردیا۔
حالانکہ افریقہ کے سلامی بلے باز پنی ٹیم کو اچھی شروعات دینے میں ناکام رہے اور کپتان ٹمبا باؤما 24 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے لیکن کوئنٹن ڈی کوک اور راسی وین ڈیر ڈوسن کے درمیان 200 رنوں کی شاندار پارٹنرشپ قائم ہوئی، ڈی کوک نے 3 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 114 رنز کی اننگز کھیلی۔ وین ڈیر ڈوسن 5 چھکوں اور 9 چکوں کی مدد سے 133 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ ڈیوڈ ملر نے 4 چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 30 گیندوں پر 53 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور تیر رفتار نصف سنچری مکمل کی۔ ہینرک کلاسن 15 اور ایڈن مارکرم 6 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤتھی نے 2 جبکہ ٹرینٹ بولٹ اور جیمز نیشم نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں نیوزی لینڈ کے کپتان ٹام لیتھم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیالیکن ان کا فیصلہ ان کو جیت نہیں دلاسکا۔
جنوبی افریقہ نے تبریز شمسی کی جگہ کاگیسو ربادا جبکہ نیوزی لینڈ نے لوکی فرگوسن کی جگہ ٹم ساؤتھی کو پلئینگ الیون میں جگہ دی ۔