اُڈپی کے ملپے بیچ میں غرق ہوکر لاپتہ ہونے والی طالبہ کی نعش آج سمندر سے برآمد
اُڈپی 2/اگست (ایس او نیوز) اتوار کو ملپے سمندر میں غرق ہوکر لاپتہ ہونے والی 20 سالہ طالبہ کی نعش آج سمندر سے برآمد کرلی گئی ہے جس کی شناخت کورگ کی رہنے والی دیچمّا کی حیثیت سے کی گئی ہے ۔ دیچمّا میسور کی ایک کالج کی طالبہ تھی۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق دیچمّا کی نعش آج پیر کو سی والک کے قریب پائی گئی، جسے فوری پوسٹ مارٹم کے لئے منی پال اسپتال منتقل کیا گیا۔
بتایا گیا ہے کہ کورگ سے تین لڑکیاں اور ایک لڑکا سمندر کی سیر کے لئے اتوار صبح ملپے بیچ پہنچے تھے، یہ لوگ سمندری موجوں سے کھیل رہے تھے، بتایا جاتا ہے کہ موقع پر موجود سیکوریٹی گارڈ نے ان چاروں کو متنبہ کیا تھا کہ وہ اس طرف پانی میں نہ جائیں مگر اُس کی باتوں کی پرواہ نہ کرتے ہوئے یہ لوگ سمندر میں موجیں پکڑ رہے تھے جس کے دوران اونچی اُٹھتی لہروں کی زد میں آگئے۔ فوری طور پر مقامی لوگوں نے تین لوگوں کو بچالیا مگر ایک طالبہ سمندر میں غرق ہوکر لاپتہ ہوگئی تھی، جس کی نعش آج برآمد ہوئی ہے۔
اس تعلق سے ملپے پولس تھانہ میں معاملہ درج کرلیا گیا ہے۔