بھٹکل میں کار اور ٹمپو ٹریکس کی ٹکر؛ خاتون شدید زخمی
بھٹکل 26 جنوری (ایس او نیوز) بھٹکل نشاط نرسنگ ہوم کے بالمقابل نیشنل ہائی وے پر کار اور ٹمپو ٹریکس کے درمیان ہوئی ٹکر میں ایک خاتون شدید زخمی ہوگئی جبکہ دیگر دو کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔
ہوناور کی بی بی عائشہ، فرزند امیراللہ اور نند غوثیہ بی بی کار پر سوار کنداپور جارہے تھے کہ نشاط نرسنگ ہوم کے بالمقابل اچانک ان کی کار مخالف سمت سے آنے والی ٹمپو ٹریکس سے ٹکرا گئی۔ حادثہ میں غوثیہ بی بی (32) کو شدید چوٹ آئی ہے جسے بھٹکل سرکاری اسپتال میں ابتدائی طبی امداد کے بعد مینگلور روانہ کیا گیا ہے۔ باگلکوٹ سے تعلق رکھنے والی ٹمپو ٹریکس مینگلور سے ہبلی کی طرف جارہی تھی۔ حادثے میں دونوں سواریوں کے سامنے والے حصے کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
حادثہ ہوتے ہی کچھ دیر کے لئے ہائی وے پر ٹریفک جام ہوگئی، مگر پولس نے فوری جائےوقوع پر پہنچ کر مقامی لوگوں اور کرین کی مدد سے کار کو کنارے کرتے ہوئے ٹریفک نظام کو بحال کیا۔ کثیر تعداد میں لوگ بھی جمع ہوگئے تھے جنہوں نے ٹکر لگتے ہی زخمیوں کو اسپتال پہنچایا تھا۔