یلاپور میں آسمانی بجلی گرنے سے عورت ہلاک
بھٹکل 24 اکتوبر (ایس او نیوز) ضلع اُترکنڑا کے یلاپور میں سنیچر شام کو آسمانی بجلی گرنے کے نتیجے میں ایک خاتون ہلاک ہوگئی جس کی شناخت جنابائی شیلکے (40) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
ضلع میں گذشتہ ایک ہفتے سے آسمان ابر آلود ہے، وقفے وقفے سے بارش بھی ہوتی ہے اور کبھی کبھار بادلوں کی گرج کے ساتھ بجلیاں بھی کوندتی ہے، اسی کے چلتے یلاپور میں سنیچر کو خوب بارش ہوئی اور اس درمیان بجلی گرنے سے یہ واقعہ پیش آیا۔ بتایا گیا ہے کہ جنابائی گھر کے دیگر لوگوں کے ساتھ گھر کے صحن میں کچھ کام کررہی تھی جس کے دوران بجلی کوندی اور جنابائی غش کھاکر گرگئی اور پل بھر میں اس کی موت واقع ہوگئی ۔
واردات کی اطلاع ملتے ہی محکمہ تحصیلدار کے اہلکار سمیت پولس حکام نے بھی جائے وقوع پر پہنچ کر حالات کا جائزہ لیا اور خاتون کا سرکاری اسپتال میں پوسٹ مارٹم کے بعدنعش کو گھروالوں کے حوالے کیا گیا۔