بھٹکل کے اُترکوپّا میں نامعلوم شرپسندوں نے گھر میں گھس کر کیا عورت کا بیہمانہ قتل
بھٹکل 24 جنوری (ایس او نیوز) تعلقہ کے اُترکوپّا میں نامعلوم شرپسندوں نے ایک مکان میں گھس کرایک عورت کا بے رحمی سے قتل کردیا اور عورت کو خون میں لت پت چھوڑ کر فرار ہوگئے، واردات سنیچر دیر رات کو پیش آئی ہے۔ مہلوک کی شناخت لکشمی کرشنا نائک (50) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
پتہ چلا ہے کہ گھر کے افراد جاترا پر گئے ہوئے تھے اور گھر پر عورت اکیلی تھی، جس کے دوران نامعلوم شرپسندوں نے گھر میں گھس کر عورت کو موت کے گھاٹ اُتارا ہے۔ عورت کے سر پر شدید چوٹ کا نشان دیکھا گیا ہے اور وہ گھر کے باتھ روم میں نیچے گری ہوئی حالت میں پائی گئی ہے۔ سمجھا جارہا ہے کہ کسی نے اس کے سر پر بھاری پتھر دے مارا ہے جس سے اس کی موت واقع ہوئی ہے۔ رات قریب گیارہ ساڑھے گیارہ بجے جب گھر کے افراد جاترا سے واپس گھر لوٹے تو لکشمی کے قتل کا پتہ چلا۔
عورت کو کس نے مارا اور کیوں مارا ابھی تک اس تعلق سے پتہ نہیں چل پایا ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی بھٹکل کے سرکل پولس انسپکٹر دیواکر اور مرڈیشور کرائم پی ایس آئی رویندرا برادر سمیت دیگر اہلکار جائےوقوع پر پہنچے اور ضروری کاروائیوں کے بعد نعش کو پوسٹ مارٹم کے لئے سرکاری اسپتال روانہ کیا۔
مرڈیشور پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے اور پولس چھان بین میں لگی ہوئی ہے۔