منڈگوڈ میں خاتون کے ساتھ بدسلوکی کرنے والے شخص کی ہوئی دھلائی
منڈگوڈ9؍مارچ (ایس او نیوز)یہاں تحصیلدار دفتر میں عملے کے طور پر خدمات انجام دینے والی ایک خاتون کو مسلسل ہراساں کرنے والے شخص کی مذکورہ خاتون اور اس کے بیٹے نے جم کر دھلائی کردی ، بعد میں اسے پولس کے حوالے کردیا گیا۔
اطلاع کے مطابق منڈگوڈ تعلقہ کے کاتورگرام کا رہنے والا پرکاش نامی شخص اس خاتون کوگزشتہ تین چار مہینوں سے غیر ضروری طور پرمسلسل پریشان کررہا تھا۔جمعہ کے دن تحصیلدار دفتر کے قریب جب پھر ایک بار پرکاش نے خاتون کو ستانے کی کوشش کی تو اس خاتون اور اس کے بیٹے نے پرکاش کو سر عام پیٹ ڈالا۔
بتایاجاتا ہے کہ گزشتہ ایک سال قبل بھی ایک خاتون کے ساتھ بدتمیزی کرنے پر پرکاش کی پیٹائی ہوچکی ہے اور اس پر پہلے سے اسی قسم کا معاملہ بھی درج ہو چکا ہے ۔اس مرتبہ بھی پولیس نے اس کے خلاف کیس درج کرتے ہوئے اسے گرفتار کر لیا ہے۔