شرن پمپ ویل معاملہ پر پولس انسپکٹر نے اخبارنویس کے سوال پر پوچھا "تم اپنا دماغ کیوں خراب کرتے ہو؟

ٹمکورو ،31 ؍جنوری (ایس او نیوز) ہندومہاسبھا اور وی ایچ پی کے لیڈر شرن پمپ ویل نے ٹمکورو میں جو اشتعال انگیز اور متنازع بیان دیا ہے اور سورتکل میں فاضل کے قتل کو پروین نیٹارو قتل کے لئے بدلہ کی کارروائی قرار دیا ہے اس پر جب ایک اخبار نویس نے ٹمکورو کے سرکل پولیس انسپکٹر نوین کمار سے پوچھا کہ پولیس نے اس سلسلے میں کیا کارروائی کی ہے تو سرکل پولس انسپکٹر نے واپس سوال کرتے ہوئے پوچھا کہ : " تم کیوں اپنا دماغ خراب کرتے ہو؟"
بتایا جاتا ہے کہ 'نانو گوری' ڈاٹ کام کے نمائندے نے جب سرکل انسپکٹر کو فون کرکے یہ معلوم کرنے کی کوشش کی بجرنگ دل کی شَوریہ یاترا کے دوران شرن پمپ ویل نے جو بیان دیا ہے اس کے خلاف پولیس نے ازخود کیا کارروائی کی ہے تو سی پی آئی نے کہا :" انہوں نے کوئی بیان نہیں دیا ہے نا !" اس پر اخبار نویس نے کہا کہ شرن نے کہا ہے کہ " پروین نیٹارو کے بدلے میں فاضل کا قتل کیا گیا ہے " اور یہ ویڈیو سوشیل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے ۔ " اس کے جواب میں سی پی آئی نے کہا : " چھوڑو ، انہوں نے ایسی کوئی بات نہیں کی ہے ۔ اگر سوشیل میڈیا میں بحث چل رہی ہے تو تم کیوں اپنا دماغ خراب کرتے ہو ۔ ہم کرلیں گے ۔" اسی کے ساتھ انہوں نے فون کاٹ دیا ۔ اخبار نویس کا کہنا ہے کہ پھر دوبارہ ان سے رابطہ قائم کرنے کی بار بار کوشش کی گئی ، مگر ان کا نمبر بزی ہوگیا ۔