داونگیرے کے چنّاگیری میں پولیس حراست میں ہوئی نوجوان کی موت اور اسکے بعد کے واقعات پر کیا کہتی ہے فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ

Source: S.O. News Service | By I.G. Bhatkali | Published on 31st August 2024, 2:37 AM | ریاستی خبریں |

بنگلور، 31 اگست (ایس او نیوز): ریاست کرناٹک کے ضلع داونگیرے کے چنّاگیری میں حال ہی میں پولیس حراست میں ایک نوجوان کی موت اور اس کے بعد پیش آنے والے حالات کا جائزہ لینے کے لیے چار معروف حقوق انسانی کی تنظیموں نے ایک فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دی تھی۔ کمیٹی نے متاثرہ مقامات پر پہنچ کر متاثرین، اُن کے اہل خانہ اور دیگر ذمہ داران سے ملاقات کی اور فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ تیار کی، جسے جمعہ کو جاری کیا گیا۔

بنگلورو پریس کلب میں اخبارنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے، ایسوسی ایشن فور پروٹیکشن آف سول رائٹس (APCR)، آل انڈیا لائرس ایسوسی ایشن برائے جسٹس (AILAJ)، ، بہوتوا کرناٹک، اور پیپلز یونین فور سول لبرٹیز کرناٹک (PUCL)  کے ذمہ داران نے مشترکہ پریس کانفرنس میں جو فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ پیش کی، وہ کافی پریشان کن ہے اور پولیس کے کردار پر سوال اٹھاتی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 24 مئی 2024 کو پولیس نے جوا کھیلنے کے الزام میں عادل نامی نوجوان کو حراست میں لیا، جس کی پولیس حراست میں موت واقع ہوگئی۔ پوسٹ مارٹم مکمل ہونے تک عادل کے گھر والوں کو اس کی موت کی اطلاع نہیں دی گئی۔ پولیس کی مبینہ بربریت کے باعث نوجوان کی موت   کی خبر پھیلتے ہی   عوام نے پولیس اسٹیشن کے باہر احتجاج کیا اور پولیس کی بربریت کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔اس دوران  کچھ مظاہرین نے پولیس اور پولیس کی گاڑیوں پر پتھراؤ بھی کیا۔ احتجاج کے بعد پولیس نے 300 افراد کے خلاف 6 ایف آئی آر درج کیں اور 47 افراد کو من مانی طریقے پر گرفتار کیا۔ رپورٹ کے مطابق    تمام ملزمان پر غیر قانونی اجتماع، فسادات برپا کرنے اور املاک کو نقصان پہنچانے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ احتجاج  کے بعد، پولیس حراست میں عادل کی موت کی تفتیش کا معاملہ سی آئی ڈی کو سونپا گیا ۔

پریس کانفرنس میں ضلع داونگیرے کے اے پی سی آر سکریٹری نظام الدین نے عادل کی گرفتاری اور موت کے معاملے میں متضاد معلومات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے بتایا کہ عادل کے اہل خانہ کو اس کی گرفتاری اور موت کے بارے میں کافی تاخیر سے آگاہ کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ متوفی کے اہل خانہ کو نہ تو اس کی گرفتاری کی خبر دی گئی اور نہ ہی رات دیر گئے تک گرفتاری کی وجہ بتائی گئی۔ مزید بتایا کہ جس پولیس اسٹیشن میں عادل کو حراست میں رکھا گیا، وہاں سی سی ٹی وی کیمروں کی عدم موجودگی نے صورتحال کو مزید خراب کردیا، جس سے بہت سے سوالات اُٹھ کھڑے ہوگئے جن کے جوابات ابھی تک نہیں مل سکے۔ یہی وجہ ہے کہ پولیس حراست میں ہوئی نوجوان کی موت اور اس کے بعد کے حالات سے چنّاگیری کے رہائشیوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، جس کے نتیجے میں کئی لوگوں نے علاقے کو چھوڑ کر روپوش ہونے کا فیصلہ کیا۔

آل انڈیا لائرس ایسوسی ایشن فور جسٹس (AILAJ) کے رکن عامیہ بوکل نے حیرت انگیز طور پر اس بات کا انکشاف کیا کہ متوفی عادل کو جس جرم کے تحت گرفتار کیا گیا، وہ قابل گرفت جرم ہی نہیں تھا۔ ان کے مطابق، اگر گرفتار کرنا تھا تو پہلے وارنٹ جاری کرنا ضروری تھا۔ بوکل نے بتایا کہ پولیس اسٹیشن میں سی سی ٹی وی کیمرے نہ ہونا سپریم کورٹ کے احکامات کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ ان کے مطابق، اگر کسی قیدی کی حراست میں موت ہو جاتی ہے تو قانون کے مطابق مجسٹریٹ کی طرف سے انکوائری کرائی جانی چاہئے تھی، لیکن ایسا نہیں کیا گیا۔ آگے بتایا کہ اگرچہ عادل کی موت غیر فطری موت کے طور پر درج کی گئی ہے، لیکن ابھی تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ اس کی موت بیماری کی وجہ سے ہوئی یا پولیس کی بربریت کی وجہ سے۔ ہماری جانچ کے دوران ہمیں معلوم ہوا کہ واقعہ کے تین ماہ گزرنے کے بعد بھی عادل کی موت کے سلسلے میں ایف آئی آر درج نہیں کی گئی۔

پیپلز یونین فور سیول لبرٹیز کرناٹکا (پی یو سی ایل) کے رکن کشور گووندا نے گرفتاری کے بعد کے واقعات کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ پولیس حراست میں عادل کی موت کی اطلاع کے بعد تقریباً دو ہزار لوگ پولیس اسٹیشن کے باہر جمع ہوگئے، یہ لوگ جاننا چاہتے تھے کہ پولیس تھانے میں نوجوان کی موت کیسے ہوئی، لیکن بعد میں پولیس نے تھانہ کے باہر جمع ہوکر ہنگامہ برپا کرنے اور توڑ پھوڑ کرنے کے الزام میں 47 افراد کو گرفتار کیا، جن میں سے بہت سے لوگ مظاہرہ کے وقت علاقے میں موجود ہی نہیں تھے۔ کشور نے بتایا کہ گرفتار 47 افراد کے اہل خانہ سے کی گئی پوچھ گچھ کے دوران معلوم ہوا کہ پولیس نے ان تمام کو غیر قانونی طور پر گرفتار کیا تھا۔ بعض خاندانوں کو اپنے رشتہ داروں کی گرفتاری کا علم تک نہیں تھا۔ اہل خانہ کی دی ہوئی معلومات کے مطابق، پولیس نے گرفتار شدگان میں سے بعض کو حراست میں بے دردی سے مارا بھی ہے۔ کشور نے بتایا کہ گرفتار کیے گئے بہت سے لوگوں کا تعلق غریب اور مالی طور پر کمزور خاندانوں سے ہے، جن کی گرفتاری کا ان کے خاندانوں پر گہرا اثر پڑا ہے۔

فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی طرف سے آخر میں پی یو سی ایل کی ایشوریہ روی کمار نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ عادل کے خاندان کو مالی امداد فراہم کی جائے، اس کے بچوں کی تعلیم کے لیے مدد فراہم کی جائے، خاندان کے افراد کے لیے فوری طور پر روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں۔ انہوں نے اس بات کا بھی مطالبہ کیا کہ عادل کی پولیس حراست میں ہوئی موت کی صاف اور شفاف انکوائری کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس کی موت کو لے کر پولیس نظام میں کئی خامیاں نمایاں ہوئی ہیں، جنہیں دیکھتے ہوئے حکومت فوری کارروائی کرے۔ انہوں نے اس بات کا بھی مطالبہ کیا کہ عادل کی موت کے بعد پولیس اسٹیشن کے باہر ہوئے احتجاج کی وجہ سے جن بے گناہ لوگوں کو گرفتار کیا گیا، ان کے خلاف مقدمات واپس لیے جائیں۔

ایک نظر اس پر بھی

کرناٹک کے چکمنگلور میں خاتون نے ڈاکٹر کاکالر پکڑ کر ماری چپل، پورے اسٹاف نے کیا کام بند، مچا ہنگامہ

کرناٹک کے چکمگلورو ضلع کے سرکاری اسپتال میں ایک خاتون نے ایک سینئر ڈاکٹر کا کالر پکڑ کر اسے چپل دے مارا جس کے پورے اسپتال میں کچھ وقت کے لئے ہنگامہ مچ گیا اور سبھی اسٹاف نے کام روک کر پرزور احتجاج کیا۔

بنگلور : رام نگر میں گنیش پنڈال سے بچی کے اغوا کی کوشش کو نوجوانوں نے بنایا ناکام؛ فوری حرکت میں آجانے سے لڑکی کی بچ گئی جان

بنگلور کے قریب ضلع رام نگر میں   پیش آئے  ایک سنسنی خیز واقعہ میں ایک سات سالہ بچی کو گنیش پنڈال سے اغوا کر نے کی کوشش کو مقامی نوجوانوں نے  اُس وقت ناکام بنادیاجب پینڈال میں موجود قریب 25 نوجوان ایک ساتھ حرکت میں آگئے اور لڑکی کی تلاش شروع کردی، جس کے دوران اغوا کرنے والے ...

وجے پور میں پیش آئے المناک سڑک حادثہ میں چار کی موت ؛ راستہ پار کرنے کے دوران تیز رفتار بائیک نے ماری ٹکر

سڑک پار کرنے کے دوران تیز رفتار بائک کی ٹکر میں بائک سوار سمیت چار لوگ ہلاک ہوگئے جبکہ تین دیگر شدید زخمی ہوگئے جنہیں قریبی اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ حادثہ جمعرات کی دیر رات  مُدے بِہال تعلقہ کے کونٹوجی دیہات میں پیش آیا۔

ریاستی حکومت کر رہی ہے وزارتی قلمدانوں میں رد و بدل پر غور - کیا دیشپانڈے کو وزارت ملنے کا امکان ہے ؟

ریاستی کابینہ میں رد و بدل کی سرگوشیاں سنائی دینے کے کانگریس پارٹی کی طرف سے ساتھ سینئر اراکین اسمبلی کے تعلق سے جائزہ لینے کی خبریں عام ہوگئی ہیں ۔ اسی کے ساتھ وزارت اعلیٰ کی کرسی جمائے ہوئے ہلیال کے رکن اسمبلی آر وی دیشپانڈے کو وزارتی قلمدان سونپنے کی بات زیر غور آنے کا ...

کنداپور سرکاری کالج پرنسپل کا ایوارڈ روک لیا گیا

آج ٹیچرس ڈے کے موقع پر ریاستی حکومت کی طرف سے کنداپور سرکاری پی یو کالج کے پرنسپل رام کرشنا بی جی کو جو بیسٹ پرنسپل کا ایوارڈ دیا جانے والا تھا اسے ترقی پسند گروپوں اور دیگر سماجی حلقوں کے اعتراضات کو دیکھتے ہوئے روک لیا گیا ہے ۔

کنداپور میں حجابی طالبات کو کالج گیٹ پر روکنے والے پرنسپل کو کانگریسی حکومت سے ملا ایوارڈ    

گزشتہ مرتبہ بی جے پی کی قیادت والی ریاستی حکومت کے دوران جب کالجوں میں حجاب پر پابندی کا مسئلہ سامنے آیا تھا، اُس وقت کنداپور کے ایک کالج میں جس پرنسپل نے خود ہی کالج کا مین گیٹ بند کرکے حجابی مسلم طالبات کو اندر آنے سے روکا تھا اور ان کا تعلیمی سفر روکنے کی کوشش کی تھی اسے ...