مغربی ممالک دوبارہ صلیبی جنگیں شروع کرنا چاہتے ہیں: اردگان
انقرہ،31؍اکتوبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) فرانس میں پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کے خاکوں کی اشاعت کے تناظر میں ترک صدر نے کہا ہے کہ’مغربی ممالک دوبارہ بربریت کی جانب بڑھ رہے ہیں اور پھر سے صلیبی جنگوں کا آغاز کرنا چاہتے ہیں۔
دوسری طرف مسلم ممالک میں احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔ترکی اور یورپی ممالک کے مابین سفارتی کشیدگی کے ساتھ ساتھ زبانی حملوں کا سلسلہ بھی شدت اختیار کرتا جا رہا ہے۔ ترک صدر رجب طیب اردگان نے ایک بار پھر کہا کہ مغربی ممالک اسلام کا مذاق اڑاتے ہوئے دوبارہ صلیبی جنگوں کا آغاز کرنا چاہتے ہیں۔
ترک صدر کا کہنا تھا کہ پیغمبر اسلام کے خلاف کسی بھی حملے کی مخالفت میں کھڑا ہونا ہماری عزت کا مسئلہ ہے۔ترکی کے غصے میں اس وجہ سے بھی اضافہ ہوا ہے کہ فرانسیسی جریدے شارلی ایبڈو نے ترک صدر کا کارٹون بھی شائع کیا ہے۔ ترک صدر کا کہنا تھا کہ مغرب ایک مرتبہ پھر بربریت کی جانب بڑھ رہا ہے۔انہوں نے مغربی ممالک کو مشرق وسطیٰ اور افریقہ کے نوآبادیاتی ’قاتل‘ قرار دیا۔ صدر اردگان کا کہنا تھا کہ وہ حقیقت میں صلیبی جنگوں کا دوبارہ آغاز کرنا چاہتے ہیں۔