بنگال: شمالی 24 پرگنہ کے بھاٹپارا سے پولیس نے برآمد کئے 50 بم
کولکاتہ، 24 جون (ایس ا و نیوز/آئی این ایس انڈیا) مغربی بنگال میں تشدد کا دور جاری ہے۔اس دوران شمالی 24 پرگنہ کے بھاٹپارا پولیس تھانے کے تحت مختلف مقامات پر 50 بم برآمد کئے گئے ہیں۔اس بابت بیر ک پور کے ڈی سی زون 1 اجے ٹھاکر نے معلومات دیتے ہوئے کہا کہ علاقے میں صورت حال اب عام ہے۔بتا دیں کہ کچھ دن پہلے بی جے پی کارکنوں کے قتل کے بعد بھاٹپارا میں تشدد بھڑک اٹھاتھا۔گزشتہ جمعرات کو ہوئے تازہ تشدد کے دوران پولیس کی فائرنگ میں بھاٹپارا میں دو لوگوں کی موت ہو گئی تھی اور دیگر چار افراد زخمی ہو گئے تھے۔انتظامیہ کو متاثر علاقے میں کرفیو لاگو کرنی پڑی تھی۔دریں اثنا ریاست بی جے پی صدر دلیپ گھوش نے بھاٹپارا میں امن بحالی میں ناکام رہنے کو لے کر انتظامیہ پر سوال اٹھایا۔دلیپ گھوش نے بانکوڑہ کے پترسایر میں ایک نوجوان اور دو دوسرے لوگوں کے گولی لگنے سے زخمی ہونے کا ذکر بھی کیا۔علاقے میں ہفتہ کو جھڑپ اس وقت ہوئی، جب ریاست کے وزیر اور سینئر پارٹی لیڈر شبھید افسر کی ریلی سے واپس آ رہے ترنمول کارکنوں کو دیکھتے ہی بی جے پی کارکن ’جے شری رام‘ کا نعرہ لگانے لگے۔دلیپ گھوش نے دعوی کیاکہ ترنمول یا تو جنگ کا سہارا لے رہی ہے یا دوسروں کو قتل کر رہی ہے۔پولیس مقامی لوگوں کو پریشان کرنے میں بدمعاشوں کی مدد کر رہی ہے۔اس کے نتیجے میں وہ بھڑک رہے ہیں اورپر تشدد ہو رہے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ چھوٹا واقعہ بھی بے قابو ہو جاتا ہے۔