کاروار:26؍نومبر(ایس اؤ نیوز)ابھی تک اترکنڑا ضلع سالم و غیر منقسم ہے، جب کبھی ضلع کو تقسیم کرنا ہوگا تو ضلع کے عوامی نمائندوں اور باشعور افراد کے ساتھ صلاح ومشورہ لازمی ہوجاتاہے۔ ودھان سبھا اسپیکر وشویشور ہیگڈے کاگیری نے سرسی ضلع کی ضرورت کے متعلق جو بیان دیا ہے اس سلسلے میں ان سے گفتگو کرتاہوں، اس کے بعد اپنی طرف سے کوئی رائے پیش کروں گا، یہ بات ضلع اُترکنڑا کے نگراں کار وزیر شیورام ہیبار نے کہی۔
شہر کے ٹیگور بیچ پر باب الداخلہ کی سنگ بنیاد رکھنے کے بعد اخبارنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے موصوف وزیر نے بتایا کہ اسپیکر کاگیری نے سرسی کو علاحدہ ضلع بنانے کی بات کہی ہے لیکن میں نےنہیں سنا۔ اس سلسلےمیں ضلع نگراں کار وزیر ہونے کے ناطے ان سے بات کرتاہوں۔ کاگیری صاحب نے کن وجوہات اور ضروریات کے مطابق سرسی کو الگ سےضلع بنانے کی بات کہی ان سے جانکاری حاصل کرونگا۔ فی الحال تو اترکنڑا ضلع سالم ہے، ضلع کی تقسیم یا نیا ضلع بنانے کے متعلق رکن پارلیمنٹ ، ضلع کے ارکان اسمبلی ، دیگر عوامی نمائندے اور باشعور افراد کے ساتھ بات چیت ، صلاح ومشورہ کرنا ہوتاہے۔ اس کے فائدے اور نقصانات کے متعلق غوروخوض کرنے کے بعد کوئی فیصلہ لیا جائے گا۔ اس موقع پر رکن اسمبلی روپالی نائک، ڈی سی ڈاکٹر ہریش کما ر وغیرہ موجود تھے۔