بھٹکل جالی پٹن پنچایت انتخابات؛ صبح سے دوپہر تک 36 فیصد پولنگ
بھٹکل 27 دسمبر (ایس او نیوز) آج پیر صبح سے بھٹکل جالی پٹن پنچایت کے 13 حلقوں میں انتخابات جاری ہیں جس میں دوپہر ایک بجے تک ملی اطلاع کے مطابق 36.6 فیصد پولنگ ریکارڈ کی گئی ہے۔
پولنگ کی شروعات صبح سات بجے ہوئی جو شام پانچ بجے تک جاری رہے گی۔ گرام پنچایت سے ترقی پاکر پٹن پنچایت میں تبدیل ہونے کے بعد جالی پٹن پنچایت کا یہ دوسرا الیکشن ہے جس میں جملہ 20 حلقے ہیں۔ 20 میں سے 7 وارڈوں پر اراکین کا انتخاب بلامقابلہ ہوچکا ہے، اس بناء پر بقیہ 13 وارڈس کے لئے آج الیکشن جاری ہے۔
13 وارڈس پر جاری انتخابات کے لئے 35 اُمیدوار میدان میں ہیں، ان میں آٹھ کانگریس، سات بی جے پی اور 20 آزاد اُمیدوار ہیں، ان 20 آزاد اُمیدواروں میں پانچ کو تنظیم کی حمایت حاصل ہے۔
قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل کے سیاسی پینل کے کنوینر محی الدین الطاف کھروری نے بتایا کہ اس بار کے انتخابات کے 20 وارڈوں میں تنظیم حمایتی آزاد اُمیدواروں کی تعداد 12 ہے اور جن 7 وارڈوں میں سات اُمیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوئے ہیں، وہ تمام تنظیم حمایت یافتہ اراکین ہیں، انہوں نے کہا کہ آج جاری انتخابات میں تنظیم کے حمایتی بقیہ پانچ اُمیدواروں کے ساتھ ساتھ کانگریسی اُمیدواروں کو بھی تنظیم کی حمایت حاصل ہے۔
بتاتے چلیں کہ 13 وارڈوں میں بی جے پی سات وارڈس پر اور کانگریس آٹھ وارڈس پر الیکشن لڑ رہی ہے۔
ووٹوں کی گنتی 30 ڈسمبر کو ہوگی اور اُسی دوپہر تک نتائج سامنے آئیں گے۔