عمرہ کیلئے ویزے جاری کرنے کا سلسلہ شروع، کم خرچ پر عمرہ کے سفر پر جانا ممکن نہیں - زائرین سے محتاط رہنے حج آرگنائزرز صدر کی اپیل
بنگلورو،15؍دسمبر(ایس او نیوز)تقریباً2سال کے وقفہ کے بعد ہندوستان کے زائرین عمرہ کے لئے یہ خوشخبری ملی ہے کہ حکومت سعودی عرب کی طرف سے سفر عمرہ کے لئے ویزے جاری کرنے کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے- جلد ہی عمروں کے قافلوں کی حجاز کے لئے روانگی کا سلسلہ شروع ہو جانے کی توقع ہے-
کرناٹکا اسٹیٹ حج آرگنائزرس اسوسی ایشن کے صدر شوکت علی سلطان نے اس خوشخبری کی تصدیق کی اور بتایا کہ عمرہ کے لئے ویزا جاری کرنے کا سلسلہ سعودی سفارت خانے کی طرف سے بحال کردیا گیا ہے- انہوں نے بتایا کہ ہندوستان اور سعودی عرب کے لئے بین الاقوامی پروازوں سے اب تک صرف ٹورسٹ او ر ویز ٹ ویزا رکھنے والے لوگ ہی فضائی سفر کرسکتے تھے، اب عمرہ کے لئے ویزوں کی بحالی کے ساتھ ہی امکان ہے کہ جلد ہی زائرین عمرہ کے لئے کرایوں کے تعین کے لئے ایر بلو ن معاہد ہ ہو جائے گا-
انہوں نے کہا کہ عمرہ کے لئے سعودی حکومت کی طرف سے ضابطے کافی سخت رکھے گئے ہیں، زائرین کے داخلہ اور ان کی سرزمین حجاز پر نقل و حمل کی نگرانی”اعتمرنا“ اور”توکلنا“موبائیل ایپس کے ذریعہ کی جائے گی- شوکت علی سلطان نے بتایا کہ سفر عمرہ کے لئے روانگی کا آغاز ضرور ہو رہا ہے لیکن اس کے لئے خرچ زیادہ ہو گا -
انہوں نے کہا کہ سفر عمرہ کے لئے اوسطاً خرچ ایک لاکھ روپے سے زیادہ ہی آ سکتا ہے- اس سے کم میں اگر کوئی لے جانے کا دعویٰ کرے اور یہ کہے کہ 70یا 80ہزار روپے میں عمرہ کرواسکتا ہے تو پھر ایسے اعلانات کرنے والوں سے زائرین محتاط رہیں -انہوں نے کہا ہے کہ وہ اس بات کی کوشش کریں کہ صرف معتبر ٹور آپریٹرس کے ذریعہ ہی اپنے سفر کے لئے بکنگ کو ترجیح دیں -