خاتون پہلوان ونیش پھوگاٹ نے ریٹائرمنٹ کا کیا اعلان
پیرس، 8/اگست (ایس او نیوز /ایجنسی) پیرس اولمپک 2024 میں گزشتہ روز ہندوستانی خاتون پہلوان ونیش پھوگاٹ کے ساتھ جو کچھ ہوا، اس نے انھیں اندر سے توڑ کر رکھ دیا ہے۔ اس کا ثبوت آج علی الصبح اس وقت ملا جب سبھی کو حیران کرتے ہوئے اس مشہور پہلوان نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔ انھوں نے حمایت کے لیے سبھی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ سب کی مقروض رہیں گی۔
ونیش پھوگاٹ نے اپنے ریٹائرمنٹ کا اعلان سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کے ذریعہ کیا ہے۔ اس میں انھوں نے اپنی ماں کو یاد کرتے ہوئے انتہائی جذباتی انداز میں لکھا ہے کہ اب ان کی ہمت ٹوٹ چکی ہے۔ اپنے 24 سالہ کیریئر کا تذکرہ کرتے ہوئے وہ لکھتی ہیں ’’الوداع کشتی 2024-2001۔‘‘ پھر وہ اپنی ماں کو یاد کر ان سے معافی مانگتے ہوئے لکھتی ہیں کہ ’’ماں کشتی میرے سے جیت گئی، میں ہار گئی۔ معاف کرنا۔ آپ کا خواب، میری ہمت ٹوٹ چکے۔ اس سے زیادہ طاقت نہیں رہی اب۔‘‘
اس سے قبل ونیش پھوگاٹ نے کھیل پنچاٹ میں اپیل کرتے ہوئے اولمپک کا سلور میڈل مشترکہ طور سے دینے کی اپیل کی تھی۔ ان کی اس اپیل پر آج فیصلہ آنے کی امید ہے۔ حالانکہ اس فیصلے سے پہلے ہی ونیش پھوگاٹ نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے اپنے کروڑوں شیدائیوں کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔
واضح رہے کہ 29 سالہ اس پہلوان نے ایک دن میں لگاتار تین میچ جیت کر 50 کلوگرام وزن والے زمرہ کے کشتی مقابلہ کے فائنل میں اپنی جگہ بنائی تھی اور پورے ملک میں خوشی کا ماحول تھا، لیکن اگلے دن (7 اگست) جب فائنل مقابلہ ہونا تھا تو 100 گرام وزن زیادہ ہونے کے سبب وہ ڈسکوالیفائی کر دی گئیں۔ اس کے بعد سے ہی پورے ملک میں افسوس کا ماحول دیکھنے کو مل رہا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی، لوک سبھا میں حزب اختلاف کے لیڈر راہل گاندھی اور کئی دیگر سیاسی لیڈران نے ونیش پھوگاٹ کے ساتھ اس مشکل وقت میں کھڑے ہونے کا عزم ظاہر کیا تھا۔ لیکن اب ان کے ذریعہ ریٹائرمنٹ کے اعلان نے پورے ملک کو ایک بار پھر غمگین کر دیا ہے۔