بیجاپور 27 اکتوبر (ایس او نیوز) ضلع کے نیڈاگونڈی میں بیٹے کو ندی میں ڈوبتا دیکھ کر اُسے بچانے کی کوشش میں ماں بھی ندی میں غرق ہوگئی۔ واردات پیر کی دوپہر کو پیش آئی جب علاقہ کے عوام وجے دشمی کا تہوار منانے میں مصروف تھے
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق مرنے والی خاتون کی شناخت نیڈگونڈی کی رہنے والی انجنا کوچیکورور (28) اور اس کا آٹھ سالہ بیٹا ناگیش کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
پتہ چلا ہے کہ انجنا نامی خاتون اپنے بیٹے کے ساتھ نیڈاگونڈی کے پرانے بس اسٹائنڈ کے قریب واقع المٹی ڈیم میں کپڑے دھورہی تھی، اس دوران بیٹا کھیل رہا تھا، اچانک بیٹا ناگیش ڈیم میں گرکر ڈوبنے لگا تو ماں انجنا نے اسے بچانے کی کوشش میں ندی میں چھلانگ لگادی، مگر بیٹے کو بچانے کی کوشش میں وہ خود بھی غرق ہوگئی۔
مقامی لوگوں نے بعد میں دونوں کی نعشیں ندی سے برآمد کرلی۔ واقعے کے بعد پورے شہر میں تہوار کی خوشی ، ماتم میں تبدیل ہوگئی ہے۔
نیڈاگونڈی پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے۔