کاروار: کنڑا روزنامہ’کراولی منجاؤ‘ کے ایڈیٹر گنگادھر ہیرے گُتّی کو صحافتی خدمات کے لئے ایوار ڈ
کاروار،20؍ستمبر (ایس او نیوز) اُڈپی ضلع کے برہماور تعلقہ جرنلسٹ ایسو سی ایشن کی جانب سے صحافتی خدمات کے لئے دیا جانے والا ‘وڈّرسےرگھو رام شیٹی‘ ایوارڈ امسال کاروار سے شائع ہونے والے شمالی کینرا کے معروف کنڑا روزنامہ ’کرالی منجاؤ‘ کے ایڈیٹر گنگادھر ہیرے گُتی کو تفویض کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔خیال رہے کہ یہ ایوارڈ ’مُنگارو‘ اخبار کے آنجہانی ایڈیٹر رگھو رام شیٹی کے نام سے منسوب ہے۔
گنگادھر ہیرے گُتی کو امسال ایوارڈ تفویض کرنے کی بات برہماورتعلقہ جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے صدر چتّور پربھاکر نے اخباری کا نفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتائی۔ انہوں نے کہا کہ ایک اخبار سپلائی کرنے والے کے طور پر اپنی عملی زندگی کی شروعات کرتے ہوئے گنگادھر ہیرے گُتّی نے بچپن سے ہی صحافتی دنیا سے متعلق سپنے دیکھے تھے۔انہوں نے دس سال تک ’منگارو‘ اخبار کے لئے شمالی کینرا کے نمائندے کے طور پر خدما ت انجام دی تھیں۔ اس کے بعد انہوں نے کاروار سےروزنامہ ’کراولی منجاؤ‘جاری کیا۔اس وقت یہ اخبار ریاست کے مشہور اخباروں میں شامل ہوگیا ہے۔یہی وجہ ہے کہ صحافتی میدان میں بہترین خدمات انجام دینے پر گنگادھر ہیرے گُتی کو موہرے ہنومنتارائے ایوارڈ اور نیشنل ایوارڈ تفویض کیا جاچکا ہے۔ لہٰذا صحافتی میدان میں سماج وادی سوچ کوفروغ دینے کے لئے اپنے آپ کو وقف کرنے والے گنگا دھر ہیرے گُتی کو’ وڈّرسے رگھو رام شیٹی ایوارڈ‘ تفویض کرنا ہمارے لئے فخر کی بات ہے۔پربھاکر کے بیان کے مطابق ایوارڈ دینے کی تقریب 11اکتوبر کو شام 4.30 بجے برہماور کے بنٹ بھون میں منعقد ہوگی۔