اترکنڑا ضلعی انتظامیہ کی طرف سے سرکاری دفاتر میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کی ہدایت
کاروار:31؍جولائی (ایس اؤ نیوز) اترکنڑا ضلعی انتظامیہ نے ضلع کے 52محکمہ جات کو سرکلر جاری کرتےہوئے ہدایات جاری کی ہیں کہ اپنے فنڈ کی سہولت کو دیکھتے ہوئے ترجیحات کی بنیاد پر اپنے اپنے دفاتر کے اندر اور باہر سی سی ٹی وی کیمروں کی نصب کاری کریں۔
انتظامیہ کو متحرک اور شفاف رکھنے کے لئے دفاتر میں سی سی ٹی وی کیمروں کی نصب کاری کو اہم مانتے ہوئے ضلعی انتظامیہ نے اپنے ماتحت محکمہ جات کے دفاتر میں سی سی ٹی وی کیمروں کو لگانے کہاہے۔ اس سلسلے میں اچیویت کمار نامی شخص نے ضلعی انتظامیہ کو رپورٹ ارسال کرتےہوئے مانگ کی تھی کہ سرکاری دفاتر میں سی سی ٹی وی کیمرے نہ ہونے کی وجہ سے انتظامیہ کے کاموں میں شفافیت نہیں پائی جارہی ہے۔ عوامی کاموں کے لئے درخواست گزاردفاتر کا چکر کاٹنے پر مجبور ہیں ۔ اس سلسلےمیں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنےکامطالبہ کرنے کے علاوہ انہوں نے یلاپور تعلقہ منچی کیری کے تحصیل دفتر میں افسر کی طرف سے رشوت مانگے جانےکی بھی شکایت کی تھی۔ متعلقہ عرضی اور رپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ نے اپنے ماتحت محکمہ جات کی دفاتر میں سی سی ٹی وی کیمروں کو نصب کرنے کے سلسلے میں ہدایات جاری کی ہیں۔